• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹرک بورڈ، امتحانی، انرولمنٹ اور رجسٹریشن فیسوں میں اضافہ

کراچی (سید محمد عسکری/اسٹاف رپورٹر) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی (میٹرک بورڈ) نے طلبہ پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے، امتحانی فیسوں اور انرولمنٹ فیسوں میں بالترتیب58.7فیصد اور 29.4فیصد اضافہ کر دیا ہے جس کے مطابق نویں جماعت کی امتحانی فیس 680 روپے سے بڑھا کر 880 روپے اور انرولمنٹ کی فیس 315روپے سے بڑھا کر 500روپے کر دی گئی۔ اس بات کی منظوری جمعرات کو ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت پروفیسر سعیدالدین نے کی۔ اجلاس میں رجسٹریشن اور تجدید رجسٹریشن کی فیس میں بھی24.4فیصد اضافے کی منظوری دی گئی جس کے مطابق5625روپے فیس میں1375روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ اجلاس میں امتحانی فارم رجسٹریشن اور انرولمنٹ کے فارمز کی قیمت میں بھی50فیصد اضافہ کر دیا۔ امتحانی فارم40 روپے سے بڑھا کر 60روپے، انرولمنٹ اور رجسٹریشن فارم40 روپے سے بڑھا کر 60روپے جبکہ تجدید درخواست فارم کی قیمت 435روپے سے بڑھا کر600روپے کر دی گئی۔ اجلاس میں90کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی جس میں19کروڑ روپے کا خسارہ دکھایا گیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فیسوں میں اضافے سے 13کروڑ روپے کی آمدنی ہو گی جبکہ باقی6 کروڑ روپے کا خسارہ خرچوں میں کمی کر کے پورا کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کے فکس ڈپازٹ اکائونٹ میں ایک ارب روپے جمع ہیں لیکن منافع میں کمی کے باعث بورڈ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔پیک پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر سید شہزاد اختر نے کہا ہے کہ میٹرک کی امتحانی فیسوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے، فیسوں میں اضافے سے براہ راست بوجھ طلباء کے والدین پر پڑے گا لہذا وزیر اعلیٰ معاملے کا نوٹس لیں، ممبر میٹرک بورڈ غلام عباس بلوچ نے بورڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز کے طلباء کی فیسوں میں اضافے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے اس لئے محکمہ تعلیم اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
تازہ ترین