• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دینی تحاریک میں گولڑہ شریف نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا

لندن (پ ر) تحریک پاکستان ہو یا تحریک ختم یا تحریک نظام مصطفی ہو دربار عالیہ غوثیہ مہریہ چشتیہ نظامیہ گولڑہ شریف نے ہمیشہ صف اول کا کردار ادا کیا۔ پیر سید مہر علی شاہؒ کو پوری دنیا میں بالعموم اور پاک و ہند میں بالخصوص تحریک ختم نبوت کا مورث اعلیٰ سمجھا جاتا ہے آج بھی آپ کا آستانہ اور آپ کی اولاد اسی پاکیزہ مشن پر کاربند ہے اور جب کبھی بھی ارض مقدس پاکستان پر کبھی بھی کوئی ناگہانی آفت آئی یا مشکل لمحہ آیا تو دربار غوثیہ اور اس کے متولین نے اپنی مذہبی اور ملی ذمہ داریوں کو پورا کیا ان خیالات کا اظہار پیر سید مہر محی الدین رومی زیب سجادہ دربار عالیہ گولڑہ شریف نے اپنے والد گرامی حضرت پیر سید غلام جلال الدینؒ کے تعزیتی ریفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ گزشتہ روز والد گرامی کے چہلم کے بعد ایک ہفتہ کے لیے لندن پہنچے تھے اس موقع پر علمائے کرام نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت پیر سید غلام جلال الدینؒ جمال، جلال، کمال کا حسین امتزاج تھے۔ وہ محبت و اخلاص اور سخاوت و وفا کے پیکر نہایت ہی عجزو انکسار و شرافت کی مرقع تھے۔ ان کے انتقال سے ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔ علمائے کرام نے کہا کہ آپ کے نور نظر رومی ان ہی صفات حمیدہ کے جامع ہیں۔ ان علماء جو خصوصی طور پر ملٹن کیسز میں اس تعزیتی ریفرنس میں حاضر تھے ان میں خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، علامہ حافظ محمد فاروقی چشتی، علامہ مفتی برکات احمد چشتی، علامہ قاری واجد حسین چشتی، صاحبزادہ قاضی ضیاء المصطفیٰ چشتی، صاحبزادہ قاضی عطاء الکبیریا چشتی، صاحبزادہ قاضی سراج المرتضیٰ چشتی، غلام شبیر لودھی، محمد جاوید و دیگر شامل تھے۔
تازہ ترین