• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا میں انٹرنیشنل میوزیم ڈے منایاگیا

پشاور (وقائع نگار ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عجائب گھروں کا عالمی دن ” انٹر نیشنل میوزیمزڈے “ منایا گیا ‘اس دن کے منانے کا مقصد عوام کو اپنی تہذیب وثقافت اور ماضی کی تاریخ کو محفوظ بنانے کے متعلق شعور پیدا کرنا ہے۔ انٹرنیشنل میوزیمز ڈے دنیا بھر کے 120ممالک میں انٹرنیشنل کونسل آف میوزیمز ( آئی سی او ایم ) کے زیراہتمام منایا جاتا ہے جس میں ہر سال ایک نئی تھیم متعارف کرائی جاتی ہے اس سال عالمی دن منانے کا تھیم عجائبات اور انکی ناقابل بیان تار یخ رکھا گیا ‘انٹر نیشنل میوزیم ڈے کے حوالے سے دنیا بھر کی طرح پاکستان بھر میں بھی سیمینارز،مذاکرے اور مختلف تقاریب منعقد ہوئیں جن میں ماہرین آثا رقدیمہ نے عجائب گھروں کی افادیت و اہمیت کے متعلق آگاہی دی۔ پشاور میں بھی سٹی میوزیم تحصیل گورگٹھڑی میں عجائب گھر وں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیاگیادنیا بھر کے عجائب گھروں کی تنظیم انٹر نیشنل کونسل آف میوزیم نے 1978ء سے 18مئی کو انٹر نیشنل میوزیم ڈے منانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد اب تک 18مئی کو دنیا بھر میں عجائب گھروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔ محکمہ آرکیالوجی کے ریسرچ آفیسر نواز الدین نے جنگ کو بتایا کہ دنیا بھر کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور کے تار یخی عجائب گھر میں انٹرنیشنل میوزیم ڈے بھر پور طریقے سے منایا گیا اس موقع پر صوبہ بھر میں قائم بارہ عجائب گھروں میں شہریوں کا داخلہ مفت کیاگیا ‘صوبہ بھر کے میوزیمز میں اس وقت تاریخی مجسمے‘نوادرات ‘قرآن شریف کے اوراق ‘تاریخی ہتھیار ‘زیورات ‘مغل دور حکومت اور اس کے بعد کی پینٹنگ ‘قدیمی گھریلو اشیاء‘سٹوپہ ‘مراقبے اور صوبے کی دیگر آرکیالوجیکل سائٹس کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ میوزیم ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری عتیق احمد نے جنگ کو بتایا کہ پاکستان بھر میں اس وقت 70کے قریب عجائب گھر موجود ہیں یہ دن منانے کا مقصد ایک چھت کے نیچے عوام کو اپنی تہذیب ‘ثقافت اور تاریخی ورثے کے بار ے میں معلومات فراہم کرنا اور ان میں اسکی اہمیت وافادیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرانا ہے۔
تازہ ترین