• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے 32 ٹن پُل ٹگ کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی گئی

کراچی (اے پی پی) پاک بحریہ کے لئے تعمیر کئے جانے والے 32 ٹن کے بولارڈ پُل ٹگ کی بنیاد رکھنے کی تقریب جمعہ کو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (پروجیکٹس) اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پُل ٹگ کی لمبائی 34 میٹر ہے اور وزن 481 ٹن ہے جبکہ رفتار 12 ناٹس ہے۔ اس ٹگ میں مضبوط فینڈرِنگ ارینجمنٹ نصب کیا جائے گا جو ہر سائز کے جہاز کو کھینچنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی نے اس اہم سنگِ میل کے حصول کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ 32 ٹن کے اس ٹگ کی تعمیر پاک بحریہ کی جہاز سازی کی صنعت میں خود انحصاری کے وژن کی عکاس ہے۔ انہوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے وزارتِ دفاعی پیداوار کی مکمل معاونت اور کراچی شپ یارڈکی انتھک محنت کو بھی سراہا۔ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے مزید کہا کہ جہاز سازی میں خود انحصاری کے وژن کے تحت پاک بحریہ نئے جہازوں کو بحری بیڑے میں شامل کررہی ہے اور تسلسل کے ساتھ کراچی شپ یارڈ کو جہاز وں کی تعمیر کے کنٹریکٹ دے رہی ہے، اس سے نہ صرف پاک بحریہ کو درکار جہازوقت پر تیار کئے جا سکیں گے بلکہ اس سے پاکستان کی جہاز سازی کی صنعت کو بھی ترقی دی جا سکے گی۔۔ تقریب میں حکومتِ پاکستان، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ حکام اور یگر عہدیداران نے شرکت کی۔
تازہ ترین