• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل میں امریکی صدر اور اہلیہ کے درمیان دوریاں، ہاتھ جھٹک دیا

کراچی (نیوز ڈیسک) لگتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے دورے کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بیگم میلانیا کو ناراض کر دیا ہے جس کی وجہ سے دونوں میں دوریاں پیدا ہوگئی ہیں۔ امریکی صدر اسرائیل کے دورے کیلئے جب تل ابیب ایئرپورٹ پہنچے تو طیارے سے اترنے کے بعد انہوں نے اپنی اہلیہ میلانیا کا ہاتھ تھامنے کی کوشش کی تاہم میلانیا نے ان کا ہاتھ جھٹک دیا۔ اس موقع پر میلانیا کو ٹرمپ سے ایک قدم پیچھے چلتے ہوئے بھی دیکھا گیا جبکہ ان کے چہرے پر کسی طرح کے جذبات بھی نہیں تھے، ٹرمپ نے ہاتھ جھٹکے جانے کے بعد اپنی ٹائی درست کرتے ہوئے خفت مٹائی۔ یہ واضح نہیں کہ یہ غیر متوقع مزاحمت کسی نجی جھگڑے کا نتیجہ تھی یا صرف اسلئے کہ قالین کی چوڑائی بہت کم تھی۔ تل ابیب آمد کے موقع پر اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ نے امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ٹرمپ نے مختصر خطاب کیا۔ یہ امریکی صدر کا مختصر دورہ تھا اور خطاب کے بعد وہ اگلی منزل کی طرف روانہ ہو گئے۔ ہاتھ جھٹکے جانے کے بعد جب دونوں سے اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کی ملاقات ہوئی تو میلانیا نے دو انگلیوں سے صدر ٹرمپ کی انگلی پکڑی۔ اس کے بعد جب دونوں پیر کی دوپہر مقبوضہ بیت المقدس پہنچے تو اس وقت بھی دونوں کو دور دور دیکھا گیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وہ پہلے صدر ہیں جنہوں نے اپنی مدت صدارت کے دوران دیوارِ گریہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دیوار گریہ کے ریبی شموئیل رابینووتز ساتھ تھے۔  میلانیا نے اپنی سوتیلی بیٹی ایوانکا کے ہمراہ دیوار کے خواتین کیلئے مخصوص حصے کا دورہ کیا۔
تازہ ترین