• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی کمپنی بلدیہ کراچی کے اسپتالوںکوجدید نظام کی فراہمی میں مدد دیگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام 13 اسپتالوں اور دیگر طبی اداروں میں اسپتال مینجمنٹ سسٹم بنانے پر کام شروع کردیا ہے جس سے کراچی کو دنیا کے دیگر ترقی یافتہ شہروں کی طرح E-Health City بنانے میں مدد ملے گی، چین کی بین الاقوامی کمپنی کے اشتراک سے کراچی میں ایک سینٹرلائزڈمیڈیکل سسٹم وضع کیاجائے گا تاکہ تمام اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں سے متعلق ڈیٹا اور تشخیصی معلومات سمیت طبی مشینری اور آلات سے حاصل کئے گئے نتائج یکجا کئے جاسکیں، یہ بات انہوں نے  اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس کے دوران چائنا  کے وفد نے ایک تفصیلی بریفنگ اور پریزنٹیشن دی اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، چیئرپرسن معالجات کمیٹی ناہید فاطمہ ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈاکٹر محمد علی عباسی، ڈائریکٹر فوڈ لیبارٹری اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈاکٹر اصغر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی کمپنی کے وفد کو عباسی شہید اسپتال ، سوبھراج میٹرنٹی اسپتال، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز ، اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ کرایا جائے گا تاکہ وہاں موجود مشینری اور آلات کا جائزہ لینے کے بعد ان اسپتالوں کی ضروریات کا اندازہ لگایا جاسکے جس کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی اور Sinopharm کے مابین مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کئے جائیں گے اس معاہدے کے تحت چین کی کمپنی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں طبی خدمات کی فراہمی کا نظام جدید بنانے سمیت سی ٹی اسکین ، آپریشن تھیٹر، انتہائی نگہداشت یونٹ (ICU) ،MRI اور دیگر مشینری و آلات فراہم کرے گی۔

تازہ ترین