• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متنازع تقریر کیس، نہال ہاشمی کا جواب مسترد،10جولائی کو فرد جرم عائد ہوگی

Todays Print

اسلام آباد (صباح نیوز) متنازع تقریر کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کا جواب مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر 10 جولائی کو ان پر فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ وہ نہال ہاشمی کی جانب سے .جمع کرائے گئے جواب سے مطمئن نہیں جبکہ عدالت جواب گزار کے رویئے سے بھی مطمئن نہیں جواب گزار کا رویہ مناسب نہیں۔

عدالت نے نہال ہاشمی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا ہے۔ جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نہال ہاشمی کی متنازع تقریر کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت نہال ہاشمی پیش نہیں ہوئے جبکہ حشمت حبیب ایڈووکیٹ نہال ہاشمی کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے اور نہال ہاشمی کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ تاہم عدالت کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آج کی حاضری کا استثنیٰ منظور کرتے ہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر نہال ہاشمی پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ جس نے توہین عدالت کی وہ موجود نہیں۔ملزم کو یہاں ہونا چاہئے تھا۔ نہال ہاشمی ذاتی طور پر پیش نہیں ہو سکتے تو درخواست دے کر بتانا چاہئے تھا۔ نہال ہاشمی کے وکیل حشمت حبیب کا کہنا تھا کہ مرکز صوبے میں مداخلت کر رہا ہے۔

تازہ ترین