• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن کریم تمام انسانیت کیلئے سرچشمہ ہدایت ہے، قاری امین چشتی

لندن (پ ر) قرآن کریم کل انسانیت کیلئے سرچشمہ ہدایت ہے اور اس میں ہدایت اور فرقان کی نورانی اور کھلی دلیلیں موجود ہیں۔ قرآن پاک کا نزول شب قدر رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں ہوا۔ دنیا کا قاعدہ ہے کہ جس دن کوئی نعمت میسر ہو اس کی یاد کرنے کے لیے سالگرہ مناتے ہیں تو قرآن کریم بھی ایک نعمت غیر مترقبہ ہے۔ اس لیے شب قدر جشن نزول قرآن مناکر اس نعمت کے ملنے کا اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکریہ ادا کیا جاتا ہے اور کثرت سے قرآن پاک کی تلاوت کی جاتی ہے، ان خیالات کا اظہار جامع مسجد اسلامک سینٹر سائوتھ آل لندن کے خطیب اور جمعیت علما جموں و کشمیر برطانیہ کے چیف آرگنائزر قاری محمد امین چشتی نے جشن نزول قرآن کی عظیم الشان محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمارے سامنے مومنین کی کامل نشانیاں پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ایسی واضح تعلیمات پر مشتمل ہے جو سیدھا راستہ دکھاتی ہیں اور حق اور باطل کا فرق کھولتی ہیں۔ اس موقع پر رمضان المبارک میں نماز تراویح میں قرآن پاک سنانے والے حفاظ کرام کو بڑی عقیدت و محبت سے الوداع کیا گیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں حضرات و خواتین اور بچوں نے شرکت کی، اجتماعی عبادت بھی کی گئی، الحاج مجاہد ملت خواجہ مستنیر احمد نے اجتماعی دعا کرائی۔ تقریب میں حافظ انصر، حافظ محمد احمد، حافظ عرفان سراج، حافظ عرفان، حافظ محمد عثمان، مولانا جنید اورنگزیب، شیخ طاہر شہاب الدین، خواجہ محمد آصف، محمود خان، چوہدری محمد شفیق، حاجی محمد خلیل، محمد الیاس، عاطف علی قادری، حافظ یاسین نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین