• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف قوم کو جواب دے سکے نہ سپریم کورٹ جے آئی ٹی کو دستاویزات، عمران خان

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اپریل 2016ءسے آج تک نواز شریف نے پانامہ لیکس پر قوم کے سوالات کے جواب نہیں دیئے۔ تمام دعووں ، وعدوں اور اعلانات کے باوجود نواز شریف اور ان کے اہل خانہ نے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کو دستاویز فراہم نہیں کیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بابر اعوان سے ملاقات کے دوران کیا،سابق وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے گزشتہ روز بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کر کے پارٹی کی باضابطہ رکنیت حاصل کی۔

دوران ملاقات بابر اعوان نے تحریک انصاف کی رکنیت کا فارم بھرا اور چیئرمین تحریک انصاف نے توثیق کے لئے فارم پر دستخط کئے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق،شاہ فرمان اور حمزہ علی عباسی بھی موجود تھے۔ عمران خان نے بابر اعوان کی تحریک انصاف میں شمولیت کے فیصلے کاخیر مقدم کیا اور کہا کہ بابر اعوان کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی۔

ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال،مستقبل کے سیاسی منظرنامے،جے آئی ٹی تحقیقات اور اس کے ممکنہ قانونی نتائج پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان کے قافلے میں شامل ہو کر فخر اور اطمینان محسوس کر رہا ہوں۔

شریف خاندان کو کٹہرے میں کھڑا کرنے میں عمران خان اور ان کی تحریک کا تاریخی کردار ہے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ میرٹ اور حقائق کی روشنی میں کیا جائے گا اور اس فیصلے سے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ نظام زمیں بوس ہوں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کاکہنا تھا کہ پاناما لیکس اللہ کی جانب سے نواز شریف اور کرپٹ مافیا کی پکڑ ہے۔ اپریل 2016ءسے آج تک نواز شریف نے پانامہ لیکس پر قوم کے سوالات کے جواب نہیں دیئے۔ تمام دعووں ، وعدوں اور اعلانات کے باوجود نواز شریف اور ان کے اہل خانہ نے سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کو دستاویز فراہم نہیں کیں۔پانامہ کا فیصلہ نواز شریف ہی نہیں کرپشن کے بڑے بڑے برج بھی الٹ دے گا۔پاناما لیکس خدا کی جانب سے نواز شریف اور کرپٹ مافیا کی پکڑ ہے۔ قوم پانامہ فیصلے کے بعد بدلا ہوا پاکستان دیکھےگی۔

تازہ ترین