• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیس بک نے آن لائن نفرت آمیز تقاریر کے خلاف پروگرام متعارف کرادیا

لندن (پی اے) فیس بک برطانیہ میں ایک پروگرام شروع کررہا ہے جس کے تحت انتہا پسندی اور نفرت کی بنیاد پر تقریروں سے نمٹنے کے لیے مقامی تنظیموں کو ٹرینڈ اور فنڈ فراہم کیے جائیں گے۔ یہ پروگرام سوشل نیٹ ورک کے اس اعلان کے ایک ہفتہ بعد سامنے آیا ہے جس کے تحت اس نے اپنی سائٹ سے دہشت گردی سے متعلق مواد ہٹانے کے لیے چار اقدامات متعارف کرائے تھے۔ یوکے آن لائن سول کوریج انیشی ایٹیوز کے ابتدائی پارٹنرز میں امامز آن لائن اور جوکاکس فائونڈیشن شامل ہیں۔ فیس بک کو اپنے پلیٹ فارمز پر دہشت گردی کے پروپیگنڈے کے سست ردعمل پر تنقید کا سامنا ہے۔ فیس بک کے چیف آپریٹنگ آفیسر شیرل سینڈبرگ کا کہنا ہے کہ لندن اور مانچسٹر میں دہشت گردی کے حالیہ حملے کسی بھی جگہ تشدد کی طرح یقینی طور پر دل شکستگی کا باعث ہیں۔ کوئی بھی شخص دہشت گردی کے خدشہ کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتا اور ہم سب کا پرتشدد دہشت گردی کو بڑھنے سے روکنے میں ایک اہم کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے تاہم اپنے پلیٹ فارم، اپنے پارٹنرز اور اپنی کمیونٹی کے ذریعے ہم فیس بک کو تشدد اور انتہا پسندی سے صاف رکھنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

تازہ ترین