• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفاظتی اقدامات سخت، عازمین حج کیساتھ صرف ایک رشتہ دار لاؤنج تک جاسکے گا

کراچی (اسد ابن حسن) ایئرپورٹ سکیورٹی فورس اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ حج سیزن پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہر حاجی کو الوداع کہنے کیلئے صرف ایک فرد کو ڈپارچر لاؤنج کے احاطے میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔

یہ فیصلہ 2015ء میں کیا گیا تھا مگر اس پر صحیح طرح سے عملدرآمد نہ ہوسکا اور مشاہدے میں آیا کہ حاجی کی روانگی اور آمد پر درجنوں رشتہ دار لاؤنج کے احاطے میں پہنچ جاتے تھے جس سے انتظامی اور سکیورٹی خدشات بڑھ جاتے تھے لہٰذا اس مرتبہ ایک حاجی اور ایک رشتہ دار کے حکم پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ ہوا ہے۔ اگر میاں بیوی کی روانگی ہوگی تو دو افراد کو ان کو الوداع کہنے کی اجازت دی جائے گی۔

یہ احکامات تمام ایئرپورٹ پر لاگو ہوں گے۔ واضح رہے کہ حج آپریشن شروع ہوگیا ہے، کراچی سے دو نجی ایئرلائن کی پروازیں سعودی عرب روانہ ہوچکی ہیں جبکہ قومی ایئرلائن کی کراچی سے پہلی پرواز پیر کی شب روانہ ہوگی۔

تازہ ترین