• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزی پر شدید احتجاج

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان نے کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکستان میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے یہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیا اور سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے پیر کوبھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کیا اور بھارتی فوج کی جانب سے لیپہ سیکٹر میں 21 جولائی کو ہونے والی بلااشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی جس میں ایک 12 سالہ لڑکا عمیر  شہید اور 3 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

گذشتہ چار دنوں کے دوران بھارت کی جانب سے یہ تیسری خلاف ورزی تھی۔ 2017ء میں بھارتی فوج نے اب تک کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر 618 جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ، انسانیت اور عالمی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003ء  کےسیزفائر معاہدے کا احترام کرے۔

21 جولائی کو ہونے والے واقعہ اور دیگر سیزفائر خلاف ورزیوں کے واقعات کی بھی تحقیقات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پاکستان اور بھارت کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دیں۔

تازہ ترین