• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جذام کیخلاف لڑنے والی پاکستانی مدر ٹریسا ڈاکٹر رتھ فائو چل بسیں،آخری رسوم قومی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ نیوز ڈیسک) اچھوتوں کا سہارا بننے والی مسیحا اور دوست بننے کا جنون، پاکستان میں جذام(کوڑھ) اور ٹی بی کے مرض کے مکمل خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے والی جرمن خاتون ،میری ایڈیلیڈ سوسائٹی آف پاکستان کی سربراہ اور پاکستانی مدرٹریسا ڈاکٹر رتھ فائو کراچی کے نجی اسپتال میں طویل علالت کے باعث 86ء برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ طویل عرصے سے سانس کی تکلیف اور عارضہ قلب میں مبتلا تھیں۔

ڈاکٹر رتھ فائو کی آخری رسومات 19 ءاگست کو سینٹ پیٹرکس چرچ صدر میں قومی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی اور اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے حکم پر انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا اور ڈاکٹر رتھ فائو کی تدفین گورا قبرستان کراچی میں ہوگی۔ سی ای او میری ایڈیلیڈ سینٹر کے ڈاکٹرمارون لوبونے بتایاکہ ڈاکٹررتھ فائو کاانتقال بدھ اور جمعرات کی رات ساڑھے 12بجے ہوا۔ ڈاکٹر رتھ فائو گزشتہ 57برس سے پاکستانیوں کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، انہیں پاکستان کی مدر ٹریسا بھی کہا جاتا ہے۔ڈاکٹرروتھ کیتھرینا مارتھا فائو ویسے تو جرمنی میں پیدا ہوئیں لیکن اپنی جوانی پاکستان کی خدمت میں وقف کردی۔

واضح رہے کہ60ء کی دہائی میں پاکستان میں جذام کے ہزاروں مریض تھے اور اس وقت سہولتیں اور علم کی کمی کی وجہ سے جذام یا کوڑھ کو لاعلاج اورمریض کو اچھوت سمجھا جاتا تھا۔ڈاکٹر رتھ فائو واحد خاتون تھیں جنہوں نے پاکستان سے جذام کے مکمل خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور دیگر سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنمائوں نے ڈاکٹر رتھ فائو کے انتقال پر گہر ے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ڈاکٹر روتھ فائو کو ملک کے لئے مثالی خدمات پر سلام کرتی ہے۔

صدر نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو اپنا آبائی ملک بنایا اور ا ن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا، ڈاکٹر رتھ فائو کی طرف سے قائم کردہ انسانیت کی خدمت کی شاندار روایت جاری رکھی جائیگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈاکٹر روتھ فائو کے انتقال پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انسانیت کی سفیر کے طور پر یاد رکھا جائیگا، پاکستان کے عوام کیلئے ڈاکٹر رتھ فائو کی بے لوث خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ڈاکٹر روتھ فائو کے انتقال پر تعزیت کے لیے میری ایڈلیڈ لیپراسی سینٹر صدر کراچی پہنچے، جہاں پر انہوں نے ڈاکٹر رتھ کیتھرینا فائو کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کے انتقال سے ملک بالخصوص سندھ ایک انسان دوست سے مرحوم ہوگیا، ہمیں انکے مشن کو اسی طرح جاری رکھنا ہے۔

تازہ ترین