• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمراکمل کا بیٹ عرصےسے خاموش، زبانی ہٹنگ شروع کردی، ہیڈکوچ کیخلاف سنگین الزامات

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کا بیٹ تو کافی عرصے سے خاموش ہے، لیکن انہوں نے اب زبانی ہٹنگ شروع کردی ہے۔ عمر نے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے چھکے چھڑانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بدھ کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہیڈ کو چ پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے مجھے گالیاں دیں اور غیر ضروری الزامات اور وارننگ دے کر اکیڈمی سے باہر کردیا۔ اس موقع پر چیف سلیکٹر انضمام الحق اور دیگر کھلاڑی بھی موجود تھے جنہوں نے انہیں نہیں روکا۔

عمر اکمل نے دعویٰ کیا کہ میں بورڈ کے سامنے ان کھلاڑیوں کا نام ظاہر کرنے کو تیار ہوں۔ بورڈ ہیڈ کوچ کے خلاف ایکشن لے، انہوں نے کہا ہے کہ مکی آرتھر نے بغیر کسی وجہ کے میری سرزش کی اور گالیاں دی ، چیئرمین بورڈ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور اس حوالے سے باضابط بورڈ کو درخواست بھی دوں گا، میں پاکستان کے لئے کھیلنا چاہتا ہوں لیکن میرے راستے میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ تمہیں کلب کرکٹ کھیلنی چاہیے تمہیں کس نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی آنے کی اجازت دی۔ عمر اکمل نے کہا کہ جب مجھے گھٹنے کی انجری ہوئی تو میں نے بورڈ کے ڈاکٹر کو آگاہ کیا تھا اور کہا تھاکہ مجھے ایکسر سائز بتائی جائے اس پر کہا گیا کہ آپ کا آپریشن ہوگا لیکن مجھ پر توجہ نہیں دی گئی۔ میں گھٹنے کی انجری کے علاج کیلئے اپنے خرچے پر لندن گیا اور جانے سے قبل باضابطہ طور پر آگاہ بھی کیا جس کے میرے پاس ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی فٹنس کو بہتر کرنا چاہتا ہوں لیکن مجھے سہولتیں نہیں دی جارہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک روز قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور دیگر کے سامنے نہ صرف میری سر زنش کی بلکہ مجھے گالیاں بھی دیں ۔ یہ میرے لئے انتہائی شرم کی بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کیلئے کھیلتا ہوں میں اس تضحیک کو برداشت نہیں کر سکتا اس لئے میں اس معاملے کو اپنے پرستاروں کے سامنے لے کر آیا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے انضمام الحق کے سامنے میرے فٹنس ٹیسٹ ہوئے اور مجھے بھجوایاگیا لیکن وہاں دوبارہ فٹنس ٹیسٹ کے نام پر میرے کھیل میں رکاوٹ ڈالی گئی اور مجھے واپس بھجوایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ پریس کانفرنس بورڈ کے خلاف نہیں کر رہا ، مکی آرتھر بورڈ کے ملازم ہیں اس لئے ان کے بارے میں بات کر رہا ہوں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے 2009 میں ڈیبیو کیا اور میں نے بورڈ کے کسی قانون کو نہیں توڑا، کسی بھی بیرونی دورے کے دوران مجھ پرجرمانہ نہیں ہوا، بورڈ سے ریکارڈ نکلوا لیا جائے اگر ایک بھی جرمانہ ثابت ہو جائے تو میں ہر طرح کی سزا بھگتنے کے لئے تیار ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میرا ماضی میں کسی بھی کوچ کے ساتھ جھگڑا نہیں ہوا بلکہ اب بھی میر ے ساتھ زیادتی ہوئی تو میں اس معاملے کو میڈیا میں لے کر آیا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میرا پروفیشن ہے لیکن میری ذاتی زندگی کے بارے میں بات نہیں کی جانی چاہیے ۔ واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے جب عمر اکمل کسی تنازع میں ملوث ہوئے ہیں ۔2014 میں عمر اکمل کا ایک ٹریفک وارڈن سے جھگڑا ہوگیا تھا جس کے بعد وہ ایک دن تک تھانے میں بند رہے تھے۔

ٹریفک وارڈن نے انہیں سگنل توڑنے پر روکا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔ اس کے علاوہ فیصل آباد میں ایک تھیٹر کے دوران ان کا وہاں کے اہلکاروں سے بھی جھگڑا ہوگیا جبکہ حیدرآباد میں مبینہ طور پر ایک ڈانس پارٹی میں بھی پکڑے گئے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کو اس وقت کے ہیڈ کوچ وقار یونس کی ہدایات پر عالمی کپ 2015 کے بعد ڈراپ کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین