• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا، مختلف رہنما

بلیک برن (مظہر اقبال چوہدری) پاکستان مسلم لیگ ن لنکاشائر کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں بلیک برن، ایکرنگٹن اور پریسٹن سے پاکستانی کمیونٹی کے نمایاں افراد کے علاوہ بچوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر پاکستان کی تعمیروترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے کام کرنے کا عہد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان میں احتساب کے نام پر مذاق ہو رہا ہے جس کی ہم پُرزور مذمت کرتے ہیں۔ مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب سے سابق میئر بلیک برن اور کونسل میں لیبر پارٹی کے لیڈر کونسلر محمد خان، سابق میئر کونسلراخترحسین، کونسلر تسلیم فاضل، شہزاد قریشی،مسلم لیگ ن لنکاشائر کے صدر مظفر سلہری، جنرل سیکرٹری ابرارملک، جوائنٹ سیکرٹری سجاد خان، صغیر احمد نے بھی خطاب کیا، کونسلر محمد خان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری ادارے مضبوط نہیں ہونے دئیے گئے جس کی وجہ سے ریاست کے دیگر ادارے پارلیمنٹ کو اہمیت دینے کے لیئے تیار نہیں، کسی بھی ملک کی تعمیرو ترقی کے لئے پارلیمنٹ کی خود مختاری اور فعالیت بہت ضروری ہوتی ہے۔ اب وہ وقت نہیں رہا کہ ملک کو چند غیر منتخب عناصر چلائیں اس کے لئے جمہوریت بے حد ضروری ہے اور اس کے لئے لازم ہے کہ تمام ریاستی ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، کونسلر اختر حسین نے کہا کہ ہم اپنے آپ میں تحمل و برداشت کا جذبہ پیدا کریں اور دوسروں کی رائے کا احترام کریں، مسلم لیگ ن لنکاشائر کی جانب سے تقریب کا انعقاد احسن قدم ہے جس پر ہم ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، شہزاد قریشی نے کہا کہ ملک کو ہمیشہ سے ہی طاقتور طبقات نے اپنی گرفت میں لئے رکھا ہے، ان میں جج، جرنیل اور سیاست دان سب شامل ہیں، عوام کی فلاح تبھی ممکن ہو گی جب صحیح معنوں میں عوامی حکومت کو کام کرنے دیا جائے گا، مظہر چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے دو وطن ہیں ایک پاکستان اور دوسرا برطانیہ، ہمیں چاہئے کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی سیاسی، سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا جائے۔ مظفر سلہری اور ابرار ملک نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں جب بھی جمہوری وزیراعظم آیا اس نے بڑے بڑے کام کئے لیکن ڈکٹیٹروں نے ہمیشہ ملک کو امریکہ کے آگے گروی رکھ دیا۔ مسلم لیگ ن نے 2013ء کے الیکشن میں جو وعدے کئے تھے تقریباً تمام پورے کئے گئے اور ملک کی تعمیرو ترقی کا کام عروج پر تھا کہ ملک میں ایک بار پھر عدم استحکام پیدا کر دیا گیا۔ کونسلر تسلیم فاضل، سجاد خان اور صغیر احمد نے کہا کہ بلیک برن میں جشن آزادی کی تقریب بہترین قدم ہے ہم منتظمین کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لئے دعا گو ہیں۔

تازہ ترین