• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی قیادت باہمی جھگڑے کے بجائے جمہوریت کے استحکام کیلئے آمری ٹولے کے خلاف جدوجہدکرے، کمیونٹی رہنما

برمنگھم(ابرار مغل) وطن عزیز اپنے قیام کے ستر سال مکمل ہونے پر بھی بانیان پاکستان کے خوابوں کا محور و مرکز نہ بن سکا اور دن بدن مسائل کی دلدل میں دھنس رہاہے۔ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قیادت باہمی جھگڑے کےبجائے جمہوریت کے استحکام کے لئے آمری ٹولے کے خلاف جدوجہد کریں۔ ستر سال مکمل ہونے کے باوجود بھی پاکستان بھر میں کسی جگہ بھی سکون اور خوشحالی نظر نہیں آرہی ہے۔ پاکستان کی خوشحالی کا ضامن سی پیک بھی عالمی سازشوں کے نرغے میں ہے۔ کشمیر مسلم لیگ ن مڈلینڈزبرطانیہ کے صدر راجہ امجد خان نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے جب بھی جمہوری وزیراعظم پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرتا ہے تو سازشی ٹولہ شب خون مار دیتا ہے۔

نواز شریف نے جس طرح کام کرکے پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کی کوشش کی ہے اس چیز کا صلہ ان کی نااہلی کے ذریعے دیا گیا۔ آزاد کشمیر حکومت کے سابق مشیر و سینئر پی پی پی رہنما خواجہ کلیم الرحمٰن نے کہا کہ بھٹو نے اس قوم کو جینا سکھایا مگر بھٹو جیسی عظیم شخصیات کو پھانسی دے دی گئی۔ آج بھی اگر بھٹو فلسفہ اور سوچ پر عمل کیا جائے تو پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو سکتا ہے۔ کشمیر موومنٹ فورم یوکے کے چیئرمین راجہ گلتاسب خان نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے کشمیری و پاکستانی وطن عزیز میں امن اور سلامتی دیکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت کسی کی بھی ہو لیکن امن ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سترواں جشن آزادی برطانیہ میں جس دھوم دھام سے منایا گیااس کی نظیر نہیں ملتی۔

کشمیر مسلم لیگ ن مڈلینڈز کے سینئر نائب صدر مشتاق مغل نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے مگرسازشی عناصر کسی بھی حکومت کو کامیاب نہیں ہونے دے رہے ہیں۔ نواز شریف کے بعد راجہ فاروق حیدر خان کے خلاف سازشیں شروع ہوگئی ہیں۔ سیاسی و سماجی شخصیت سابق کونسلر راجہ شوکت علی خان نے کہا کہ وطن عزیز کے سترویں جشن آزادی پر ہمارا مطالبہ صرف یہی ہےکہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر وکالت کرتے ہوئے کشمیریوں کو بھی آزادی دلانے کے لئے کردار ادا کرے۔ پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری صاحبزادہ محمد فاروق القادری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل کو چلنے نہیں نہیں دیا جارہا، مسلم لیگ ن کا قصور کیا ہے۔ ملک کو بڑے بڑے منصوبے دیکر غریب عوام کا معیار زندگی بلند کرنا نواز شریف کا قصور ہے۔

کشمیر مسلم لیگ ن کے نوجوان رہنما نعمان سعید نے کہا کہ برطانیہ میں تمام پاکستانیوں نے جس طرح دھوم دھام سے آزادی کے جشن کو منایا اس سے ہماری نوجوان نسل کے دلوں میں بھی وطن سے محبت اور عقیدت پیدا ہوگئی ہے۔ پی پی پی برطانیہ کے رہنما چوہدری محمد حنیف اور سینئر رہنما حاجی نائب مغل نے کہا کہ بھٹو ازم پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان مسائل سے دوچار ہے اگر آج بھی بھٹوکی فکر و سوچ کو اپنایا جائے تو پاکستان کا ثانی نہیں مل سکے گا۔ نوجوان سیاسی و سماجی شخصیت راجہ رفاقت خان نے کہا کہ پروپیگنڈے اور سازشوں کی بجائے جمہوری وزیراعظم کو اپنا کام کرنے دیا جائے۔

بحیثیت کشمیری میں راجہ فاروق حیدر خان کے خلاف نازیبہ الفاظ اور سازشوں کی مذمت کرتا ہوں۔ کشمیر فورم کے چیئرمین چوہدری محمد عظیم نے کہا کہ پاکستان سے کرپشن اور بے انصافی کے لئے آپریشن ہونا چاہئے۔ خوشحال اور مستحکم پاکستا ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہو سکتا ہے۔ برٹش پارلیمانی امیدوار شہزاد اقبال مغل نے کہا کہ برٹش پاکستانی وطن عزیز کا درد رکھتے ہیں۔ ہر سال جشن آزادی منانے کیساتھ ہر فورم پر پاکستان کے وقار کو بلند کر رہے ہیں۔ شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے ہمراہ پاکستان جانے والے بزرگ پی پی پی رہنما رہنما الحاج محمد شریف مغل نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ شہداء گڑھی خدا بخش کے جانشین بلاول بھٹو زرداری کو موقع دیا جائے کہ وہ اپنے نانا اور والدہ کے مشن کو جاری رکھ کر پاکستان کو خوشحال بنا سکے۔

کشمیر مسلم لیگ ن برطانیہ کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان و آزاد کشمیر میں بھرپور انداز میں عوامی منصوبے اور دیگر تعمیر و ترقی کے کام کا آغاز کر رکھا ہے لیکن کچھ عناصر پاکستان کی ترقی کے دشمن ہیں جو مسلم لیگ ن کو چلے نہیں دے رہے ہیں۔ آزاد کشمیر کے سابق مشیر و پی پی پی برطانیہ کے بزرگ رہنما چوہدری منظور حسین نے کہاکہ پاکستانی قیادت آمری ٹولہ کے ہاتھوں دست و گریبان ہونے کی بجائے جمہوریت کے استحکام اور پاکستان کی ترقی کے لئے کام کرے۔

تازہ ترین