• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کر اچی میں1200 میگا واٹ کا ایل این جی پا ور پلا نٹ لگا نا چاہتے ہیں وفاق کیس کا کوٹہ مختص کر ے،وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر‘اے پی پی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کراچی میں ایل این جی پر چلنے والا 1200میگاواٹ کا پاور پلانٹ قائم کرنے کی خواہاں ہے، جس کے لیے وفاقی حکومت گیس کا کوٹہ مختص کرے۔ وزیر اعلی ہاؤس کے ترجمان کے مطابق انہوں نے یہ بات پرائم منسٹر سیکریٹریٹ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہی ‘ ترجمان کے مطابق ملاقات میں صوبہ کی مجموعی صورتحال بالخصوص ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔سیدمرادعلی شاہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ کراچی کے لیے لوگوں کے لیے بہتر اہمیت کا حامل ہے۔

اور اسے سی ڈی ڈبلیو سی سے کلیئر کرایا جاچکا ہے‘اب اس کی صرف ایکنک (ECNEC) سے منظوری باقی ہے جوکہ بیوروکریسی کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت کی جانب فائل کی بار بار آمدرفت صرف اور صرف وقت کا ضیاع ہے‘ انہوں نے کہا کہ میں ستمبر کے آخر تک اس منصوبے کو شروع کرنا چاہتا ہوں لہٰذا اس کی جلد از جلد منظوری ضروری ہے اور اسے چینی اتھارٹیز کو بھی سی پیک(CPEC) میں شامل کرنے کے لیے بھیجا جانا ہے‘ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر اس کی منظوری کے حوالے سے دلچسپی لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلے ہی سی پیک منصوبوں میں شامل کیا جاچکا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں طویل عرصے سے جاری لوڈشیڈنگ کے مسائل پر بھی وزیراعظم کی توجہ مبذول کرائی‘انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ انکی حکومت نے کراچی میں ایل این جی پر 1200 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگانے کی منصوبہبندی کی ہے۔سندھ حکومت کو نیپرا کی جانب سے ٹیرف فکس کرنے اور این او سی حاصل کرنے کے لیے بھی وزیراعظم کی مدد درکار ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاور پلانٹ کی تنصیب کی حوصلہ افزائی کریں گے‘ انہوں نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ ایک قومی مسئلہ ہے اور وہ صوبوں کو انکے پاور پلانٹ لگانے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں غیر فعال چھوٹے پاور پلانٹ کا مسئلہ بھی وزیراعظم کے سامنے اٹھایا۔

نیپرا نے ان کے ٹیرف کے بارے میں فیصلہ کیا کہ جب انکی تنصیب ہورہی تھی مگر بعد میں اپنے اس فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے، لہٰذا نجی کمپنیاں جوکہ چھوٹے پاور پلانٹ لگا رہی تھیں انہوں نے ترک کردیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں اور ٹیرف کا فیصلہ کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے مقامی سطح پر لوڈشیڈنگ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو مسائل کے حل کرنے کے سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ صوبے میں قدرتی گیس کے مسئلہ کو بھی حل کریں۔

تازہ ترین