• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وزیراعظم شاہی قیادت کو اعتماد میں لینے کیلئے سعودی عرب جائیں گے

اسلام آباد (صالح ظافر) جنوبی ایشیا اور پاکستان کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منفی بیان پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر قیادت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غور کیا گیا۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ کابینہ اجلاس میں تقریباً 100 منٹ تک امریکی صدر کے بیان پر بحث و مباحثہ ہوا۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کابینہ کو پیشرفت سے آگاہ کیا اور واضح کیا کہ وہ کسی دبائو میں نہیں آئے گا، دنیا کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کرے۔

وزیراعظم نے ارکان کابینہ کو بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا خصوصی اجلاس جمعرات کو طلب کیا گیا ہے جس میں تمام سروسز چیفس شرکت کریں گے۔ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وزیراعظم سعودی عرب جائیں گے تاکہ شاہی انتظامیہ کو صورتحال کے حوالے سے اعتماد میں لیا جا سکے۔ خواجہ آصف نے کابینہ ارکان کو بتایا کہ پاکستان خطے کی صورتحال کے حوالے سے امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔

کابینہ ارکان نے چین کی جانب سے اختیار کردہ موقف کی تعریف کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرنے اور خطے میں بھارت کے کردار اور اسے اہمیت دینے پر کابینہ ارکان نے حیرت کا اظہار کیا۔

تازہ ترین