• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف سلیکٹر سلمان بٹ کی واپسی کے خواہاں، کرکٹ ماہرین مخالف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی سلیکشن کمیٹی آئندہ ماہ سابق کپتان سلمان بٹ کو پاکستان اے کی جانب سے زمبابوے کے دورے میں موقع دینے پر غور کررہی ہے لیکن سابق کپتان رمیز راجا سمیت ماہرین کی جانب سے ہونے والی تنقید نے سلمان بٹ کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

پاکستان ٹیم نے22 ستمبر سے زمبابوے کا دورہ کرنا تھا جس کی قیادت ٹیسٹ وکٹ کیپر محمد رضوان نے کرنا تھی لیکن زمبابوے کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے دورہ ملتوی کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب یہ دورہ اکتوبر میں ہوگا۔

توقع ہے کہ ٹیسٹ بیٹسمین فواد عالم بھی اے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فکسنگ کیس میں ملوث کرکٹرز کو کم سزائیں دی گئیں، اب سلمان بٹ کو لانے کی تیاری ہو رہی ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ چھ سال بعد پاکستان ٹیم میں واپس آنے والے سلمان بٹ کو پہلے اے ٹیم میں موقع دیا جائے گا۔ ہم سلمان بٹ کو فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں نہیں لانا چاہتے اور پہلے انہیں پاکستان اے کے دورے پر آزمانہ چاہتے ہیں۔ سلمان بٹ لاہور اور واپڈا کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ مخالف مہم میں تیزی آنے کے بعد انہیں پاکستان ٹیم میں واپس آنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

تازہ ترین