• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماہرین نے ایڈز کے 99فیصد خلیوں کو ختم کرنے والی مدافعتی پروٹین دریافت کرلی

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کے نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے فارماسیوٹیکل کمپنی سنوفی کےساتھ مل کر ایک ایسی اینٹی باڈی (مدافعتی پروٹین) تیار کر لی ہے جس میں ایڈز کے 99؍ فیصد خلیے ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

سائنس میگزین کے مطابق، یہ پروٹین تین ایسی اینٹی باڈیز کا مرکب ہے جن میں وائرس کو بے اثر کرنے کی صلاحیت ہے اور یہ مدافعتی پروٹین پہلے سے دستیاب پروٹینز کے مقابلے میں زیادہ موثر ہے۔

انٹرنیشنل ایڈز سوسائٹی نے نئی دریافت کو پرجوش کر دینے والا بریک تھرو قرار دیا ہے۔

ایڈز کا وائرس خود کو جس طرح تبدیل کرتا ہے اس سے نمٹنے میں انسانی جسم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک مریض کے جسم میں ایڈز کے وائرس کی مختلف اقسام موجود ہو سکتی ہیں اور یہ نئی اینٹی باڈی 99 فیصد اقسام کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ این آئی ایچ اور سنوفی نے اب اس اینٹی باڈی کے حوالے سے مزید تحقیق کا عمل شروع کر دیا ہے اور اس تحقیق کا آئندہ مرحلہ اس دوا کو مریضوں پر استعمال کرنا ہے۔ امکان ہے کہ اس پر 2018 میں کام شروع ہوجائے گا۔

تازہ ترین