• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرم ایجنسی، امریکی مخبری پرپاک فوج کا آپریشن، مغوی کینیڈین خاندان بازیاب، پاکستان نے’’ڈو مور‘‘خواہش پر عمل کیا، ٹرمپ

Todays Print

راولپنڈی، واشنگٹن،اوٹاوا(واجد علی سید، خبر ایجنسیاں) امریکی مخبری پر کرم ایجنسی میں پاک فوج نے آپریشن کرکے افغانستان سے اغوا کیا گیاکینیڈین خاندان بازیاب کروالیا جس پر ٹرمپ نے خوش ہوکر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے ڈومور خواہش پر عمل کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی انٹیلی جنس شیئرنگ پرپاک فوج نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کینیڈین شہری جوشوا، امریکی نژاد بیوی کیٹلین اور3بچو ں کو بازیاب کروالیا، آپریشن اس وقت کیا گیا جب دہشتگرد مغویوں کو کرم ایجنسی کے ذریعے پاکستان منتقل کررہے تھے، ادھر ٹرمپ نے کہا کہ مغویو ں کی بازیابی پاک امریکا تعلقات کیلئے مثبت لمحہ ہے،امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ، جنرل جوزف اور جان کیلی کا کہناتھاکہ اس کامیاب کارروائی سے دونوں ممالک کےدرمیان روابط میں اضافہ ہوگا، ادھر امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ غیر ملکی خاندان کو حقانی نیٹ ورک نے اغوا کر رکھا تھا، دوسری جانب کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فریلینڈ نے بھی مغویوں کی بازیاب پر کہا کہ 5سال کے بعد بازیاب کروائے گئے جوشوا اور اہلخانہ اب مکمل محفوظ ہیں جس پر انہیں اطمینان ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق امریکی خفیہ ادارے نے گزشتہ روز پاک فوج کو اطلاع دی کہ 2012میں افغانستان سے اغوا کئے گئے غیر ملکی خاندان کو افغانستان سے پاکستان منتقل کیا جا رہا ہے، بروقت اطلاع کے بعد پاک فوج نے کارروائی کرتے ہوئے مغویوں کو بازیاب کرا لیا ، اس خاندان میں کینیڈین شہری جوشوا،اس کی امریکی نژاد بیوی کیٹلین اور3بچے شامل ہیں، مذکورہ خاندان کو واپس ان کے متعلقہ ممالک منتقل کیا جا رہا ہے۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کی جانب سے 5غیر ملکیوں کی بازیابی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کی بازیابی پاک امریکا تعلقات کیلئے مثبت لمحہ ہے۔

نمائندہ جنگ کے مطابق وائٹ ہائوس میں میڈیا سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور پاکستانی حکومت کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکیوں کی بازیابی پر پاکستانی حکومت کی معاونت اس بات کا اشارہ ہے کہ پاکستان خطے میں سیکیورٹی صورتحال کی بہتری کیلئے امریکی خواہشات کی قدر کرتا ہے،ہمیں امید ہے کہ اس طرح کی معاونت اور ٹیم ورک کے ساتھ مزید مغویوں کی بازیابی اور مستقبل میں انسداد دہشتگردی کیلئے مشترکہ آپریشنز کیلئے مددگار ثابت ہو گی۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے بھی پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستانی حکومت اور پاکستان آرمی کی تعاون پر انتہائی مشکور ہے، صدر ٹرمپ کی نئی جنوبی ایشیائی حکمت عملی پاکستان کے اس اہم کردار کو تسلیم کرتی ہےجو اسے خطے میں امن و استحکام لانے کےلئےنبھانے کی ضرورت ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جنرل جوزف وٹل کا کہنا ہےکہ پاکستان نے تسلیم کیا کہ امریکی شہریوں کی حفاظت کتنی اہم ہے، ہم اسے مثبت طور پر دیکھتے ہیں۔ وائٹ ہائوس کے چیف آف اسٹاف جان کیلی کا کہناہےکہ مغویوں کی بازیابی کے بعد انہیں امید ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان روابط میں اضافہ ہوگا۔ واضح رہے کہ اس کینیڈین جوڑے کے ہاں دوران حراست 3بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

تازہ ترین