• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی سی پی نے کپڑا بنانے والی کمپنیوں کو دھوکہ پر مبنی مارکیٹنگ پر شو کاز نو ٹس جاری کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے کپڑا بنانے اور پیکیجنگ کرنے والی کمپنیوں کو شجر پاک پرایئویٹ لمیٹڈ کا رجسٹرڈ ٹریڈ مارک دھوکادہی سے اور بغیراجازت استعمال کرنے اور کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے،کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کو شجرپاک کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہپانچ کپڑا بنانے والی کمپنیاں احمد پاشا کولیکشن، عامر کلاتھ ہائوس، ایم رمضان فیبرکس ، پاشا دا ڈیزائنرفیبرکس،صوفی کلاتھ ہائوس اور پیکیجنگ کرنے والی تین کمپنیاں باباپلاسٹک، احمد پلاسٹک اینڈ ڈبہ ہائوس اور کوثر برادرز پلاسٹک کارنر اپنی مصنوعات کی پیکیجنگ اور لیبلنگ پر اس کا رجسٹرڈ ٹریڈ مارکʼپاشا فیبرکسʼدھوکادہی سے استعمال کرتے ہوئے صارفین کو گمراہ کر رہی ہیں اور اس کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہیں، سی سی پی کی جانب سے اس معاملے پر بنا ئی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق شجر پاک نے مندرجہ بالا کسی بھی کمپنی کو اس کا رجسٹرڈ ٹریڈ مارک استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ یہ کمپنیاں شجر پاک کے ٹریڈ مارک کی نقل کر کے صارفین کو گمراہ کر رہی ہیں اور شجر پاک کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہیں جو کہ کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی ہے، اس لیے سی سی پی نے ان آٹھ کمپنیوں کو کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے،سی سی پی کو کمپٹیشن ایکٹ کے تحت یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ صارفین اور کاروباری اداروں کو دھوکادہی پر مبنی مارکیٹنگ اور کمپٹیشن مخالف سرگرمیوں سے بچائو کے لیے اقدامات کرے۔
تازہ ترین