• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیڈرل ایمپلائز بناولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس(ترمیمی) بل منظور

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے فیڈرل ایمپلائز بناولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس(ترمیمی ) بل2017کی منظوری دیدی ہے۔ بل کا مقصد ہے کہ سکیورٹی حادثات میں جاں بحق ہونے والے وفاقی ملازمین کے ورثاء کو وزیراعظم پیکج کے تحت اضافی گرانٹ بناولنٹ فنڈ سے دی جائے گی۔ گریڈ ایک سے پانچ تک کے ملازمین کو دو لاکھ، چھ سے دس تک تین لاکھ 10 سے سترہ تک چار لاکھ روپے اور گریڈ18 یا اس کے اوپر کیلئے پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ دی جائے گی۔ یہ منظوری کمیٹی کے چیئرمین رانا محمد حیات خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔ کمیٹی نے پمز اسپتال میں دو ہفتوں سے جاری ہڑتال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو اجلاس میں طلب کرلیا اور کہا کہ پمز کے ملازمین کی ہڑتال فوری طور پرختم کرائی جائے۔ پمز ملازمین کے نمائندوں نے کہا کہ ہم ایمرجنسی میں ملازمین کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پمز کو یونیورسٹی سے فوری طور پر الگ کیا جائے۔ کمیٹی نے پمز کو یونیورسٹی سے الگ کرنے میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو ہدایت دی کہ ایک ماہ کے اندر علیحدگی کا پراسیس مکمل کرائیں۔ کمیٹی نے ہڑتالی ملازمین سے بھی کہا کہ وہ ہڑتال فوری طور پرختم کریں۔
تازہ ترین