• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت، فریقین سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، دو ہفتوں میں فیصلہ دینا چاہتے ہیں ،عدالت

راولپنڈی (نمائندہ جنگ)انسداد منشیات کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج راجہ پرویز اختر نے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی سمیت آٹھ ملزمان کے خلاف درج ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں تفتیشی افسر کے بیان پر جرح کے دوران عدالتی وقت ختم ہونے پر مزید سماعت 23اکتوبر تک ملتوی کر دی۔گزشتہ روز دوران سماعت ایک موقع پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ریکارڈ کے مطابق گریس فارما میں رضیہ زاہد بختاوری پچاس فیصد کی حصہ دار بتائی گئی ہیں جنہیں شامل تفتیش نہیں کیا گیا جس سے بادی النظر میں یہ تاثر ملتا ہے کہ اس کیس میں (پک اینڈ چوز) کی پالیسی پر عمل ہوا ۔ فریقین دوران ٹرائل سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، عدالت دو ہفتوں میں کیس کا فیصلہ دینا چاہتی ہے۔ 2012میں درج ہونے والے اس کیس کی گزشتہ روز سماعت شروع ہوئی تو حنیف عباسی سمیت ان کے بھائی باسط عباسی اور دیگر ملزم حاضر تھے، تفتیشی افسر انسپکٹر امتیاز حسین شاہ کو بیان پر جرح شروع ہونے سے قبل حلف کے الفاظ دہرانے میں ہچکچاہٹ محسوس ہوئی تو وکیل صفائی کی طرف سے توجہ دلانے پر عدالت نے تفتیشی افسر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریٹائر ہونے والے ہیں یہ نہ ہو کہ ریٹائرمنٹ سے قبل آپ کو سزا ہو جائے ۔عدالت نے استفسار کیا کہ یہ کیسی تحقیقات ہیں کہ اس سارے کیس میں موجود افراد ایک ایک کر کے آئے اور بیان قلمبند کروا کر چلے گئے۔ اسی طرح فیکٹری میں پچاس فیصد کی حصہ دار مالکہ کو محض بیان ریکارڈ کر کے چھوڑ دیا گیا، تفتیشی افسر کے بیان پر ابھی جرح جاری تھی کہ مزید سماعت 23اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
تازہ ترین