• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک سرزمین پارٹی اسلامی اقدار پرآنچ نہیں آنے دے گی،الطاف شاہد

لندن(پ ر)پاک سرزمین پارٹی برطانیہ ویورپ کے صدر چوہدری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی اسلامی اقدار پرآنچ نہیں آنے دے گی۔ کسی کوباہر یا اندر سے پاکستان کے اسلامی تشخص پرحملے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔الطاف شاہد نے کہا کہ ناموس رسالت کی حفاظت کیلئے کردار ادا کرنا سیاست نہیں عبادت ہے۔پاک سرزمین پارٹی کے بانی ومرکزی چیئرمین مصطفیٰ کمال ،مرکزی صدرانیس احمد قائم خانی اورمرکزی سیکرٹری جنرل رضاہارون نے عقیدہ ختم نبوت میں ترمیم کیخلاف ہرفورم پرزور دار آواز اٹھائی جس پرحکومت نے سرنڈر کردیا ۔آئین میں عقیدہ ختم نبوت کا پراناحلف بحال ہونا عوام کی اجتماعی جدوجہد کانتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مخصوص لوگ جمہوریت کے پیچھے چھپ کرریاست پر وار کر رہے ہیں پاکستانیوں کو موروثی اورمنفی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیںپاکستان کیلئے آئینی ودفاعی اداروں کادم غنیمت ہے۔ پاکستان کے باشعورعوام اپنے ملک اورقومی اداروں کیخلاف اندرونی وبیرونی سازشوں کوناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افواہوں کادھندہ کرنے والے اپنا کارخانہ بند کردیں۔منافرت اورصوبائیت کی سیاست کرنےوالے عناصر کا انجام نوشتہ دیوار ہے ۔ منتقم مزاج حکمران اوران کے حامی ایک خطرناک سازش کے تحت اداروں کوبدنام کررہے ہیں۔پاکستان دوسیاسی خاندانوں کی اجارہ داری نہیں بلکہ جمہوریت کی آبیاری اورقانون کی پاسداری کیلئے معرض وجودمیں آیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل ایل اوسی کی خلاف ورزیاں کررہا ہے جب کہ تخت لاہور کے کچھ عاقبت نااندیش سیاستدان اقتدار سے محرومی کاغصہ اداروں پر اتار رہے ہیں۔ حکمرانوں کو ہوش کی ضرورت ہے،عوام قومی اداروں کی پشت پر کھڑے ہیں ۔ پاک سرزمین پارٹی مادروطن کی سا لمیت اورقومی وحدت پرکوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔
تازہ ترین