• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جین میں تبدیلی کا دوسرا تجربہ، 7؍ سالہ بچے کو نئی جِلد لگا دی گئی

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا میں جین میں تبدیلی کے ذریعے ایک جینیاتی بیماری دور کرنے کا دوسرا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے جس میں سات سالہ بچے کی جلد کی بیماری کو ٹھیک کرکے اسے نئی جلد لگا دی گئی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ تجرباتی بنیادوں پر کیے جانے والے اس آپریشن میں ڈرامائی کامیابی ملی ہے۔ تجربے کے دوران جینیاتی طور پر تبدیل کیے جانے والے اسٹیم سیلز کی مدد سے بچے کی نئی جلد بنائی گئی۔ سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابق جلد کی اس جینیاتی بیماری کو Epidermolysis Bullosa کا پھر صرف EB کہا جاتا ہے جس میں ہلکے سے چھونے پر بھی جلد ادھڑنا شروع ہو جاتی ہے۔ محققین کے مطابق، بچپن میں یہ بیماری جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ جینیاتی ترمیم (Genetic Editing) کے اس دوسرے تجربے میں ماہرین نے صرف ان پروٹین سیٹ میں جینیاتی تبدیلی کی جو EB کا سبب بنتے ہیں۔ اس علاج کے بعد مریض تیزی سے رو بہ صحت ہے اور اب اسکول جا رہا ہے حتیٰ کہ فٹ بال بھی کھیل رہا ہے۔ میناپولس میں قائم امریکا کی یونیورسٹی آف مینی سوٹا کے میسونک کینسر سینٹر کے بون میرو ٹرانس پلانٹ فزیشن ڈاکٹر جیکب ٹولر کا کہنا ہے کہ اس نئے تجربے کی مدد سے ہمیں جلد کے متعلق علاج کے نئے طریقے دریافت کرنے میں بہت مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ EB ایسی جین میں خرابی کی وجہ سے لاحق ہوتی ہے جو جسم کی بیرونی پرت (جلد) کو قائم رکھنے والے پروٹین بناتی ہے۔ اس جین میں موجود پروٹین میں خرابی پیدا ہونے یا پھر یہ پروٹین سرے سے نہ ہونے کی وجہ سے صرف معمولی چوٹ سے ہی پوری جلد اکھڑنا شروع ہوجاتی ہے جس سے معمولی سے معمولی چوٹ بھی ناسور بن کر ہلاکت کا باعث سکتی ہے۔ سائنس میگزین سے بات کرتے ہوئے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پالو آلٹو میں قائم اسٹین فرڈ یونیورسٹی کے ماہر امراض جلد پیٹر مارین کووچ کا کہنا ہے کہ ایسے مریضوں کی مرہم پٹی پر ہی ایک لاکھ ڈالرز تک اخراجات ہو سکتے ہیں۔
تازہ ترین