• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوہزار اٹھارہ فیصلے پر ریفرنڈم ہوگا، لعنت بھیجنے والوں کی لاہور میں اوقات دیکھ لی،نوازشریف

Todays Print

ہری پور(ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین نے ہمیشہ الزامات اور گالیوں کی سیاست کی‘نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں ‘پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کی تین دن پہلے لاہور میں اوقات دیکھ لی‘مجھے میری خدمت کا درست صلہ نہیں دیا گیا ‘ملک کے کونے کونے میں مسلم لیگ ن ہی نظر آئے گی‘ ہم ان سازشوںکو ہمیشہ کے لیے ملیامیٹ کر دیں گے‘پانچ ججوں نے مجھے برخاست کیا مگر عوام نے فیصلہ مسترد کر دیا ‘ 2018میں الیکشن نہیں اس فیصلے پر ریفرنڈم ہوگا‘ پانچ ججوں کو نا اہلی کا فیصلہ واپس لینا ہوگا ‘ملک میں ایک ہی قانون چلے گا‘ میں طاہر القادری نہیںجو بجلی کی تار سے نکالنے والے پٹاخے سے ڈر جائوں ‘عمران جس تھالی میں کھاتااسی میں چھیدکرتا ہے ‘ جس پارلیمنٹ کو گالی دیتا ہے اسی سے تنخواہ لے رہا ہے ‘اداروںکی تذلیل اورجیل بجھوانے کی دھمکیاں دینے والا خود جیل جائے گا‘ انصاف کا دہرا معیارنہیں چلے گا‘ووٹ کا تقدس بحال کرائیں گے ‘ایک دوسرے کو گالیاں دینے والے مسلم لیگ (ن)کی مخالفت میں اکٹھے ہوئے ہیں‘نیا پاکستان بنانے والے بتائیں کہ کتنے اسپتال اوریونیورسٹیاں قائم کی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بجلی کے بڑے منصوبے لانے کے دعوے کرنے والے کہاں ہیں۔وہ ہفتہ کو کرٹس گراؤنڈ ہری پور میں عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔جلسہ سے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاہور میں اپوزیشن کی سازشی بٹالین کو عوام نے شکست دے دی ہے‘پارلیمنٹ کو گالی دے کر جگہ جگہ رسوائی کا بدلہ لیا جارہا ہے‘مخالفین استعفیٰ لے سکے نہ ہی قبل از وقت انتخابات کراسکے‘نواز شریف کے مخالفین کا نام لو تو دھاندلی کارونا دھونا یاد آتا ہے، 2018 میں دھاندلی کا رونا مت رونا، خالی کرسیاں ووٹ نہیں دیتیں‘پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے خود بھی پارلیمنٹ کا حصہ ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ اقامہ اورپاناما پر سیاست چمکانے والے آج جلسوں میںخالی کرسیوںکا رونارورہے ہیں،نواز شریف کے مخالفین دھاندلی کاواویلا کرتے رہے‘ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ عوام نے نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا ہے‘نواز شریف جب بجلی کے کارخانے اورموٹروے بنارہا تھا،مخالفین کنٹینرپر چڑھے گالیاں دے رہے تھے۔اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھاکہ انہوں نے عوام کی امانت میں ایک پائی کی کرپشن نہیں کی ہے ۔2018ء کے انتخابات میں عوام ان کی نااہلی کا فیصلہ واپس لیں گے‘وہ بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کی ذمہ داری لیتے ہیں‘نیاپاکستان بنانے والوں کی اوقات انہوں نے تین روز قبل دیکھ لی ہے‘شاہد خاقان عباسی نے انہیں ہزارہ موٹروے منصوبہ کے افتتاح کی دعوت دی مگر انہیں روک دیا گیا‘تنخواہ دار طبقہ کو چھت فراہم کرنے کیلئے سکیم متعارف کروائیں گے۔2018ء کے انتخابات میں وہ مسلم لیگ (ن)کی کامیابی دیکھ رہے ہیں۔پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے خود بھی پارلیمنٹ سے تنخواہ اورمراعات وصول کررہے ہیں اوروہ پارلیمنٹ کا حصہ ہیں۔عوام عمران خان سے پوچھیں کہ اس نے صوبہ میں کیا تبدیلی لائی ہے۔سونامی ٹری منصوبہ صوبہ میں کہیں بھی نظر نہیں آرہا ہے۔نواز شریف نے کہا کہ ان کی مخالفت مخالفین کا ایجنڈہ اورمنشور ہے۔سابق وزیر اعظم کا کہناتھاکہ 5ججوں نے نواز شریف کو وزیراعظم ہاؤس سے نکال باہر کیا، اگر میں نے ایک روپیہ بھی کھایا ہو تو نواز شریف ذمہ دار ہے،اگر نواز شریف نے خیانت نہیں کی تو آپ کو فیصلہ واپس لینا ہو گا۔عوام کا مینڈیٹ کوئی ختم نہیں کرسکتا‘کوئی عوام کے فیصلوں کو پیروں تلے روند نہیں سکتا، امیر و غریب کےلئے انصاف کا ایک ہی ترازو ہے۔نوازشریف نے کہاکہ نیا پاکستان بنانے وارلے لاڈلے سن لو ٗ یہ خلق خدا کیا کہتی ہے ٗ یہ عوام تمہارے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں ٗ تم نے ہمیشہ گالیوں اورالزامات کی سیاست کی ہے ٗ یہ صرف تمہارا صوبہ نہیں ٗہمار ا بھی بہت بڑا صوبہ ہے ٗ یہاں کروڑوں مسلم لیگی بستے ہیں ٗ تم نے صوبے میں کیا کیا ہے ؟لاڈلے صوبے میں تمہاری حکومت ہے ٗموٹر وے نوازشریف بنا رہا ہے ٗ یہ کہتا تھا بجلی کے کار خانے لگائیں گے اور دوسرے صوبوں کو بجلی فراہم کریں گے ٗ لاڈلے سے پوچھیں کتنے بجلی کے کار خانے لگائے ہیں ۔میں ان ججوں کوبھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوںنے اس کو صادق اور امین قرار دیا ہے ۔

تازہ ترین