• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انصاف فراہمی عدلیہ کا کام،باپ بیٹی لوگوں کو بیوقوف بنانابند کریں،عمران

Todays Print

اسلام آباد(ایجنسیاں )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف باپ بیٹی لوگوں کو بے وقوف بنانا بند کریں، انصاف کی فراہمی عدلیہ کا کام ہے، شریفوں کی منطق ہے کہ جو ایک بار ووٹ لے کرکسی عہدے پر آجائے تو وہ ہر قسم کے قانون سے مبرا ہو جاتا ہے۔ ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں عمران خان نے کہاکہ نوازشریف اور مریم نواز بار بار عوامی عدالت میں جانے کا اعلان کر رہے ہیں ، سب جانتے ہیں کہ جمہوریت میں عوام ووٹ سے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں لیکن انصاف کی فراہمی عدلیہ ہی کی ذمہ داری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ریاستی اداروں کا کام کرپشن کو بے نقاب کر کے کارروائی کرنا ہوتا ہے۔ ان کو دیکھنا چاہئے کہ کیسے جنوبی افریقہ میں افریقن نیشنل کانگریس نے کرپشن کی بنیاد پر ایک لیڈر زوما کو گھر بھیج دیا تھا۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو وزیر اعظم ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے کرپشن کی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔ عہدے کی وجہ سے وہ قانون سے بالاتر نہیں ہوئے۔دریں اثناءہفتہ کو یہاں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ عوامی عدالت سے رجوع کی آڑ میں عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی کی جانب سے ریلی کے نام پر رچایا جانے والا تماشہ اب بند ہو جانا چاہئے،(ن )لیگ کے جلسوں میں عوام نہیں آتے پتہ نہیں ووٹ کیسے پڑ جاتے ہیں، لودھراں جہانگیرترین کے باپ دادا کا حلقہ نہیں تھا ، (ن) لیگ نے دھاندلی کے اتنے طریقے نکال لیے ہیں کہ لوگوں کو پتا ہی نہیں چلتا، شریف خاندان 300 ارب روپے کا حساب دینے کو تیار نہیں،حساب مانگا جائے تو سڑکوں اور پلوں کی باتیں شروع کر دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم مارچ میں شروع ہوگی،نئے حقائق عوام کے سامنے لے کرجائیں گے، ن لیگ کے پاس نعرے نہیں جھوٹےوعدے ہیں، ضمنی انتخابات کاعام انتخابات سے موازنہ نہیں کرنا چاہیے۔

تازہ ترین