• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نقیب اللہ محسود کیس،فوٹیج بھی مقدمہ کا حصہ، رائو انوار بھی دکھائی دے رہے ہیں

کراچی( افضل ندیم ڈوگر)نقیب اللہ محسود سمیت 4 افراد کو پولیس مقابلے میں قتل کرنے کے مقدمے کی تحقیقات کرنیوالی پولیس نے 5 منٹ سے زائد دورانیے کی ایک فوٹیج مقدمے کا حصہ بنائی ہے۔ جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار مقابلے کے وقت موقع پر موجود تھے۔ موصول ہونے والی فوٹیج میں راؤ انوار احمد اور گذشتہ روز گرفتار کئے گئے ڈی ایس پی قمر احمد پولیس مقابلے موقع پر موجود دکھائی دے رہے ہیں۔ دیگر پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد کو بھی جائے وقوع پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لگ بھگ پانچ منٹ 26 سیکنڈ کی یہ ویڈیو 13 جنوری کو شاہ لطیف ٹائون کے اس پولیس مقابلے کی ہے جس میں نقیب اللہ محسود سمیت چار افراد کو قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس فوٹیج نے تمام معاملہ کو کھول کر رکھ دیا ہے۔ فوٹیج میں جائے وقوع کے ہر منظر کو کور کیا گیا ہے۔ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار احمد کا کہنا ہے کہ وہ شاہ لطیف ٹاؤن پولیس مقابلے کے وقت جائے وقوع پر موجود نہیں تھے لیکن اس فوٹیج کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ راؤ انوار احمد مقابلے کے دوران بکتر بند گاڑی سے اترتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
تازہ ترین