• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوااورقبائلی علاقوں میں بارش،چھتیں گرنے سے2افرادزخمی

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت مختلف اضلاع اورقبائلی علاقوں میں گزشتہ دنوں سے جاری موسلادھابارشوں کے سلسلے میں تیزی آنے سے ایک طرف گرم موسم میں ٹھنڈک آگئی تودوسری طرف دیہی علاقوں میںکچے مکانوں کی چھتیں منہدم ہوگئیںجس میں ایک بچے سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ اسی طرح بالائی علاقوں سوات، کالام، ایبٹ آبادا ورہزارہ ڈویژن میں واقع پہاڑی سلسلوں پر برفباری سے موسم ٹھنڈاہوگیااورلوگوں نے گرم کپڑے دوبارہ سے پہن لئے۔مختلف علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاورمیں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 40ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ یکہ توت کے علاقے میں خستہ حالی کے باعث مکان چھت گرنے سے 1بچہ زخمی ہوگیا۔ جسے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔شہرمیں بارش سے سڑکوں پر سیلابی صورتحال کے باعث شہریوں کو چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے۔صوبائی اسمبلی کے سامنے بارش کے باعث ڈیڑھ فٹ تک پانی جمع ہوگیاتاہم ڈبلیوایس ایس پی کا عملہ اورضلعی انتظامیہ نے نااہلی دکھاتے ہوئے چشم پوشی اختیارکی۔ خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں حالیہ شدید باشوں کی وجہ سے غنڈی اور نیو ابادی میں دو کمروں کی چھتیں منہدم اور کئی مکانات کو شدید نقصانات پہنچا۔تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔مردان کے علاقے گوجرگڑھی میں مکان کی چھت گرنے کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہواہے ۔سیاحتی مقام کالام میں برف باری کے بعدپوری وادی نے سفید چادر اُوڑھ لی جبکہ مدین اور بحرین کے پہاڑوں پر بھی برف باری ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ لوگ سردی سے بچنے کیلئے آگ جلانے سمیت گرم کپڑوں کے استعمال پر مجبور ہوگئے ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کئی روز سے جاری بارش وبرف باری کا موجودہ سلسلہ آج ہفتہ کے دن تک جاری رہنے کے بعد ختم ہونے کاامکان ہے تاہم کاشت کار بارش وبرف باری کے اس سلسلے کو موسمی فصلوں کیلئے خوش آئند قراردے رہے ہیں۔ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں نتھیا گلی ، ٹھنڈیانی ، چھانگلہ گلی ، ایوبیہ ، خیرہ گلی،بفہ اور مانسہرہ کے پہاڑی علاقوں شوگراں ، ناران اور شراں و دیگر پہاڑی سلسلوں پر جمعہ کے روز برفباری کا سلسلہ جاری رہا اور آمدہ اطلاعات کے مطابق 4 سے 6 انچ تک برف پڑنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور شہری علاقوں میں ایبٹ آباد شہر ، قلندر آباد، حویلیاں ، شیروان ، دھمتوڑ ، ہرنو ، بکوٹ ، میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا برفباری اور بارش کے باعث موسم دوبارہ سرد ہو گیا۔سخاکوٹ کے ملحقہ علاقوں میں کھڑے گندم کی فصلیں،پیاز،خوبانی ،الوچے ،مالٹے اوردیگرمیوہ جات کے باغات نست ونابود ہوگئے ،ژالہ باری اتنی شدیدتھی کہ بعض جگہوں پر گندم کی فصل،پیازاورخوبانیوں کے باغات میں ایک دانہ بھی باقی نہیں رہا۔
تازہ ترین