• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ضمنی انتخابات:دونوں حلقوں میں متحدہ نےمیدان مارلیا

Karachi By Polls Mqm Wins
کراچی کے حلقوں این اے 245 اور پی ایس 115 کے ضمنی الیکشن میں غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم نے میدان مار لیا۔

قومی اسمبلی کی نشست پر ایم کیو ایم کے محمد کمال 39 ہزار 800 جبکہ سندھ اسمبلی کی نشست پر فیصل رفیق 11 ہزار747 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ نائن زیرو پر کارکنوں کا جشن جاری ہے ۔

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 اورسندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 115 پر ایم کیو ایم کے امیدواروں کی جیت کی خوشی میں بڑی تعداد میں کارکن نائن زیرو پر جمع ہوئے اورخوب رقص کیا ۔ نعرے لگائے اور ایک دوسرے کو مٹھائیاں بھی کھلائیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق جمعرات کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں دونوں حلقوں میں ٹرن آوٹ کم رہا ۔

نارتھ ناظم آباد، پہاڑ گنج، شادمان ٹاون اوراطراف کے علاقوں پر مشتمل این اے 245 پر رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 4 لاکھ 9 ہزار 655 تھی۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 245 پر ایم کیو ایم کے محمد کمال 39 ہزار 800 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے شاہدحسین3ہزار200ووٹ لےکر دوسرےنمبر پر رہے۔

اس حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوارامجد اللہ خان الیکشن سے ایک رات قبل ایم کیو ایم میں شامل ہوتے ہوئے محمد کمال کے حق میں دستبردار ہو گئے تھے۔

دوہزارتیرہ کے عام انتخابات میں اس حلقے سے متحدہ کے ریحان ہاشمی نے ایک لاکھ 15 ہزار ووٹ لیے تھے۔

پی ایس 115سے ایم کیو ایم کے امیدوار فیصل رفیق 11 ہزار 747 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ مہاجر قومی موومنٹ کے جمیل قادری ایک ہزار 74 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس حلقے میں پی ای سی ایچ سوسائٹی، لائنز ایریا جیکب لائن، جٹ لائن اور اے بی سینیا لائن کے علاقے شامل ہیں۔

حلقے کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر متحدہ قومی موومنٹ اور ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن کئی بار گتھم گتھا ہوئے اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تاہم رینجرز اور پولیس نے حالات کو قابو میں رکھا۔

یہ نشست ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ارشد وہرہ کے مستعفی ہونے پرخالی ہوئی تھی ۔
تازہ ترین