• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر مسیح پولیس تشدد سے ہلاک،ویڈیو سامنے آگئی

عامر مسیح پر پولیس تشدد کی ویڈیو



لاہور کے تھانہ شمالی چھاؤنی میں پولیس کے تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان عامر مسیح پر تشدد کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آ گئی ۔

جیو نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کاروں نے اسپتال کے سامنے بھی اس پر تشدد کیا، سادہ کپڑوں میں ملبوس 2 پولیس اہلکار عامر مسیح کو موٹر سایئکل پر طبی امداد کے لیے اسپتال لائے ۔

عامر کو موٹر سایئکل سے اتارا گیا تو وہ نیچے گرگیا۔ عامر کے گرنے کے باوجود بھی اسے ٹھڈے مارے گئے اور پھر دونوں اہلکار اسے گھسیٹ کر اسپتال کے اندر لے گئے ۔

ایک گھنٹے بعد اسے وہیل چئیر پر باہر لایا گیا اور پولیس اہلکار عامر مسیح کو گاڑی میں ڈال کر لے گئے، ویڈیو میں تفتیشی افسر ذیشان کو بھی وہاں دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق نوجوان عامر کے دونوں ہاتھوں ، پاؤں، کمر اور بازو پر تشدد کے نشانات تھے جبکہ اس کی پسلیاں بھی ٹوٹی ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے 25 سالہ عامر مسیح کو چوری کے الزام میں گزشتہ ہفتے تھانہ شمالی چھاؤنی بلایا گیا تھا جہاں 4 روز تشدد کرنے کے بعد 2 ستمبر کو نازک حالت میں صدر کینٹ کے نجی اسپتال میں لایا گیا ۔

اطلاع ملنے پر عامر مسیح کے ورثاء اسے لے کر سروسز اسپتال لے گئے جہاں اس نے دم توڑ دیا ۔

عامر مسیح کے ورثاء کے مطابق اسپتال لائے جانے سے پہلے تھانے میں عامر کے بارے میں پتہ کرتے رہے لیکن پولیس نے کچھ نہیں بتایا، عامر مسیح کے ورثاء نے پولیس کے خلاف جیل روڈ پر احتجاج کیا تھا۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی تھی ۔

ابتدائی تحقیقات کے بعد ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ انچارج انویسٹی گیشن کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مزید پانچ پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

تازہ ترین