راولپنڈی (پرویز شوکت، وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ) عسکری قیادت نے دشمن ایجنسیوں کی پاکستان مخالف سرگرمیوں اور کارروائیوں کو روکنے کے لئےسخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حالات کیسے بھی ہوں ملک کی سالمیت کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق جمعرات کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر ِصدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال اور شوال میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ خاص طور پر سرحدی علاقوں میں افغانستان اور بھارت کی جانب سے کی جانے والی سرحدی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ۔کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حالات کیسے بھی ہوں ملک کی سالمیت کےحوالےسےکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ کانفرنس میں پاکستان کے خلاف کام کرنے والی خفیہ ایجنسیوں کی سرگرمیوں کا قلع قمع کرنے اور ملک کے کونے کونے میں امن وامان کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرنے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔