• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ سے ہٹادیں

اسلام آباد(نمائندہ جنگ،آن لائن)الیکشن کمیشن نے عوام کو ان کے منتخب نمائندوں کے مالی اثاثوں کی تفصیلات بتانے کی بجائے یہ تمام معلومات اپنی ویب سائٹ سے ہی ہٹا دی ہیں۔الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے سال 2013 اور 2014 کے مالی اثاثوں کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر جاری کررکھی تھیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ مستقبل میں ارکان پارلیمنٹ کے مالی اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری نہیں کی جائیں گی اور صرف گزٹ نوٹی فکیشن ہی جاری کیا جائے گا۔ مگر الیکشن کمیشن نے جمعہ کو اپنی ویب سائٹ پر ارکان پارلیمنٹ کے گزشتہ دو سالوں کےاثاثوں کی تفصیلا ت بھی ہٹادی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے ویب سائٹ سے ارکان پارلیمنٹ کےا ثاثو ں کی تفصیلات ہٹانے کے فیصلے پر الیکشن کمیشن پر تنقید کی اور کہا کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے ۔آن لائن کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شدید سیاسی دبائو کے باعث الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات ہٹا دی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کے قواعد کے مطابق الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دو سال کیلئے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات کی موجودگی ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اسی قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر گزشتہ دو سالوں کے اراکین اسمبلی کے اثا ثو ں کی تفصیلات جاری تھیں جو کہ سیاسی دبائو اور احکامات کی بناء پر ویب سائٹ سے فوری طور پر ہٹا دی گئی ہیں۔ رپور ٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے اثاثوں کی تفصیلات ہٹا کر معلومات تک رسائی کی قانون کی بھی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے اس اقدام کی پر زور مذمت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کے اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات فوری جاری کی جائیں تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہمارا نواز شریف کی حکومت پر کوئی اعتماد نہیں۔ انہوں نے ملک کے تمام ریاستی اداروں کو مفلوج بنا رکھا ہے اور یہی ان کا واضح ثبوت ہے 24 اپریل کو یوم تاسیس کے موقع پر اس ایشو کو بھی ایجنڈے کا حصہ بناد ینگے۔
تازہ ترین