ٹی 20 ورلڈ کپ: کیمفر کی تباہ کن بولنگ، آئرلینڈ نے ہالینڈ کو ہرا دیا

October 19, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے رائونڈ کے گروپ اے میں آئرلینڈ نے ہالینڈ کو سات وکٹ سے شکست دے دی میچ کا فیصلہ 29گیندیں پہلے ہو گیا۔ کرٹس کیمفر کو چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ پیر کو مسقط میں ہالینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 107 رنز کا ہدف آئرلینڈ نے 15 اوورز میں تین وکٹ پر حاصل کرلیا، گیرتھ ڈیلینی نے 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کرٹس کیمفر نے 10ویں اوور میں4 گیندوں پر 4 شکار کرکے ہالینڈ کی بیٹنگ لائن کو تباہ کردیا ۔ پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 106 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، میکس او ڈوڈ 51اور کپتان پیٹر سیلر 21رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تعاقب میں گاریتھ ڈیلانے نے اور پال اسٹرلنگ ناقابلِ شکست 30 رنز بنائے۔ ابوظبی میں دوسرے میچ میں سری لنکا نے نمیبیا کو سات وکٹ سے آسان شکست دیدی۔ ناکام ٹیم96 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کریگ ولیمز 29، کپتان ایراسمس 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔