کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے کہا ہے کہ ملک کو امریکا کی جانب سے فوجی کارروائی کے حقیقی خطرے کا سامنا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا دیگر ممالک کے ساتھ سامراجی رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔
صدر پیٹرو نے امریکی امیگریشن ادارے (آئی سی ای) کے اہلکاروں کو نازی بریگیڈز سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ناصرف تارکینِ وطن بلکہ امریکی شہریوں کے خلاف بھی خطرناک انداز میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔
کولمبیا کے صدر نے خبردار کیا کہ اگر یہی طرز عمل رہا تو دنیا پر راج کرنے کے خواب دیکھنے والا امریکا خود دنیا سے الگ تھلگ ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا دہائیوں سے لاطینی امریکی ممالک کو اپنے سامراج کا حصہ سمجھتا آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وینزویلا پر امریکی حملے تیل اور کوئلے کے مفادات سے جڑے ہیں۔ اگر امریکا پیرس ماحولیاتی معاہدے سے دستبردار نہ ہوتا تو دنیا زیادہ پُرامن اور جمہوری ہوتی۔
گستاوو پیٹرو نے بتایا کہ انہوں نے وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز سے بھی بات کی ہے اور انہیں کولمبیا آنے کی دعوت دی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ اور گستاوپیٹرو کے درمیان ایک روز قبل ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا۔