پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل کسی صورت قبول نہیں، مقررین

October 21, 2021


لاہور( نمائندہ جنگ)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام ملک میں جاری میڈیا انڈسٹری بحران، میڈیا سے متعلق قانون سازی اور قواعد و ضوابط کے حوالے سے متعلق گذشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں کنونشن کا اہتمام کیاگیا۔کنونشن میں میڈیا اور سوشل میڈیاکے خلاف جاری حکومتی اقدامات کے خلاف جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے اور پاکستان میڈیاڈویلپمنٹ اتھارٹی بل کوکسی صورت قبول نہ کرنے کا اعلان کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ لانگ مارچ کے اختتام پر اسلام آباد میں ہونے والا دھرنا 19 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈز کے منظور کیے جانے تک جاری رہے گا۔ کنونشن سے صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس شہزادہ ذوالفقار، سیکرٹری جنرل ناصر زیدی، صدر پی یو جے قمرالزماں بھٹی، جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن، قائمقام صدر لاہور پریس کلب جاوید فاروقی، سینئر صحافی حسین نقی، امتیاز عالم ، نوید چودھری، سابق صدر سپریم کورٹ بار حامد خان ، چیئرمین پاکستان برابری پارٹی جواد احمد ، اے این پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری امیر بہادر خان ہوتی،پاکستان پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے سیکرٹری جنرل خورشید احمد، جرنلسٹ ڈیفنس کمیٹی کی ممبر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ صباحت رضوی، سابق صدر پی ایف یوجے افضل بٹ و دیگر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے لانگ مارچ کے شرکاءکی لاہور آمد کے موقع پر ان کے بھرپور استقبال سمیت اپنی اخلاقی و سیاسی حمایت کا یقین دلایا۔پی ایف یوجے کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ ہماری یہ تحریک نہ صرف صحافیوں کے حقوق کے لیے ہے بلکہ معاشرے کے ہر طبقہ کے افراد پربڑھتے ہوئے حکومتی دبائو چاہے وہ مہنگائی ہو یا بے روز گاری، کے لیے ہے،انہوں نے کہا کہ بعض اخبارات نے اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں کٹ لگا رکھا ہے جبکہ کچھ اخبارات نے گزشتہ ایک سال سے تنخواہیں روک رکھی ہیں ،انہوں نے پی ایف یو جے کی طرف سے معروف صحافی عاصمہ شیرازی کو وفاقی کابینہ کے بعض ارکان اور پارٹی ورکرز کی طرف آن لائن ہراساں کئے جانے کی بھی مذمت کی انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان سے استدعا کرتے ہیں کہ وہ ایف آئی اے کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا کہیں۔ سیکرٹری جنرل ناصر زیدی کا کہنا تھا کہ میڈیا پالیسی کے خلاف اور آزادی صحافت کے لئے پورے پاکستان میں صحافی لانگ مارچ ناگریز ہے۔لاہور نے ہرتحریک میں بھرپور حصہ لیا ہے اورہمیں امید ہے کہ ہمارے اس لانگ مارچ میں سول سوسائٹی ، ڈاکٹرز ، طلبہ اورمحنت کش طبقہ بھی ساتھ ہوگا ۔صدر پی یوجے قمر بھٹی نے کہا کہ حکومتی ہتھکنڈے ہمیں کسی صورت آزادی صحافت کی اس جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے ۔ حکومتی میڈیا پالیسی واضح نہیں ہے جس سے صحافی ورکرز کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔خورشید احمد نے کہا کہ حکمرانوں کی نیت صاف نہیں ہے۔نوید چودھری کا کہنا تھا کہ حکومتیں میڈیا پرہمیشہ سے اثر انداز ہوتی رہی ہیں اور میڈیا پالیسی ورکر کش ہے۔لاہور پریس کلب کے قائم مقام صدر جاوید فاروقی نے کہا کہ میڈیا ورکرز کی معاشی صورت حالات انتہائی مخدوش ہے ، میڈیا پر حکومتی دباؤ بے جا اور آزادی صحافت کا گلہ گھونٹنے کے برابر ہے۔ کنونشن میں پی ایف یوجے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو،ممبر ایف ای سی مخدوم بلال، سعید اختر،پی یوجے کے نائب صدر محمد بابر ، خزاانچی ندیم شیخ ، ممبران ایگزیکٹو کونسل شاہدہ بٹ، صبا ممتاز بانو ، جاوید ہاشمی ،خاور بیگ، جواد حسن گل ، عدنان بٹ ، ایپنک کے مرکزی سیکرٹر ی جنر ل منصورملک ، ایپنک لاہورکے جنرل سیکرٹری احمد قریشی ،انجمن ترقی پسند مصنفین کے جنرل سیکرٹری جاوید آفتاب ،سینئر صحافی علامہ صدیق اظہر،سعدیہ صلاح الدین ،اشرف سہیل ، ضمیر آفاقی ، افتخار ملک ،رفعت عالم ،مظہر اقبال،دبیر بٹ ،رضوان شمسی ، دانیال شیخ،تنویر احمد، عاصم شہزاد،عتیق شاہ،محمد وسیم بابر،عدنان ملک،محمد منیب، سعید چودھری، جمال احمد، سید وسیم حیدر شاہ، محمد صغیر چودھری، شاہد بخاری سمیت زندگی کے دیگر مکتبہ فکر کے نمائندہ افراد نے شرکت کی۔