شاہ رخ خان کو مودی کے سامنے نہ جھکنے کی سزا دی جارہی ہے: بھارتی صحافی کا دعویٰ

October 21, 2021

بھارتی صحافی سواتی چترویدی نے کہا ہے کہ بالی ووڈ کنگشاہ رخ خان کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے سامنے نہ جھکنے کی سزا دی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون صحافی سواتی چترویدی نے آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد سوشل میڈیا کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے شاہ رخ خان کے بیٹے کی حمایت کی۔

خاتون صحافی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’آریان خان کے پاس کوئی منشیات نہیں تھی، میڈیکل ٹیسٹ نہیں ہوا اور نہ ہی اس کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اس سب کے باوجود بھی آریان خان کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی گئی ہے اور میرے خیال میں شاہ رخ خان کو مودی کے سامنے نہ جھکنے کی سزا دی جارہی ہے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے دوران کروز شپ منشیات کیس میں بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان سمیت دیگر ملزمان ارباز مرچنٹ اور منمون دھمیچا کی بھی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کو ضمانت نہ ملنے پر جیل میں ہی رہنا ہوگا، آریان خان 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر جیل میں ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔