شاہ رخ خان نے آریان کیلئے گھر کا کھانا بھیجنے کی اجازت مانگی تھی: جیل حکام

October 22, 2021

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے گزشتہ روز ممبئی کی آرتھر جیل میں آریان خان سے ملاقات کے وقت جیل حکام سے بیٹے کے لیے گھر کا کھانا بھیجنے کی اجازت مانگی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے گزشتہ روز ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں بیٹے آریان خان سے تقریباََ 15 سے 20 منٹ تک ملاقات کی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق آرتھر جیل میں شاہ رخ خان کے ساتھ کوئی خاص سلوک نہیں کیا گیا، جیل میں داخل ہونے سے قبل اداکار کی اُسی طرح چیکنگ کی گئی جس طرح دیگر قیدیوں کے اہلخانہ کی، کی گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جیل حکام نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے آریان سے یہ بھی پوچھا کہ کیا وہ ٹھیک سے کھا رہا ہے؟ جبکہ شاہ رخ خان نے اندر موجود جیل حکام سے یہ بھی پوچھا کہ کیا وہ آریان کے لیے گھر کا کھانا لا سکتے ہیں؟ جس پر جیل حکام نے شاہ رخ کو بتایا کہ انہیں گھر سے بنے کھانے کے لیے عدالت سے اجازت لینی چاہیے۔

واضح رہے کہ ممبئی کروز شِپ کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں 26 اکتوبر بروز منگل کو سماعت ہوگی۔

ممبئی کی عدالت کی جانب سے آریان خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی گئی ہے اور اسی وجہ سے اب اُن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کے انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ممبئی کے ساحل پر 3 اکتوبر کو ایک کروز شپ پر پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گرفتار کیا تھا۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی پہلے تردید کرتے رہے تاہم انہوں نے بعد میں اعتراف جرم کرلیا تھا۔