حکیم سعید جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، پروفیسرڈاکٹر فخر الاسلام

October 23, 2021

پشاور( لیڈی رپورٹر ) حکیم محمد سعید جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اُن کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اُن کے مشن کے دست و بازو بنیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسرڈاکٹر فخر الاسلام نےشوریٰ ہمدرد پشاور کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مہمان مقرر سابق صدر نیشنل کونسل فار طب اسلام آباد حکیم عبدالوحید تھے۔اجلاس کا موضوع”حکیم محمد سعید کی تعلیمی و طبی خدمات“ تھا۔ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی چیئرپرسن سعدیہ راشد نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی حکیم عبدالوحید نے کہا کہ شہید پاکستان حکیم محمد سعید نے طبی اور تعلیمی دونوں میدانوں میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔حکیم سعید شہید خوب جانتے تھے کہ جب تک پاکستانی قوم تعلیمی اور جسمانی لحاظ سے مضبوط نہیں ہو گی ترقی نہیں کر سکے گی،چنانچہ اُنہوں نے افراد کی صحت کے لئے مطب ہمدرد جبکہ تعلیمی اور فکری ادارے قائم کئے جو آج بھی اُن کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور انسانیت ان سے فائدہ اُٹھا رہی ہے۔اجلاس میں اراکین شوریٰ ڈاکٹر عدنان سرور خان، سید مشتاق حسین شاہ بخاری، ڈاکٹر اقبال خلیل، پروفیسر روشن خٹک، محترمہ غزالہ یوسف، ملک لیاقت علی تبسم، قاری شاہد اعظم الاذہری اور انجم صدیقی نے بھی اظہار خیال کیا ۔