وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن کی بولی کے تمام عمل میں شفافیت اولین ترجیح تھی، نجکاری کا عمل بہترین قومی مفاد میں مکمل کیا گیا۔ قومی ایئر لائن کی بڈنگ کا تمام عمل براہ راست دکھایا گیا، قومی ایئر لائن کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار قومی ایئر لائن کی نجکاری سے متعلق حکومتی ٹیم سے خطاب کے موقع پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ نجکاری کا یہ عمل بہترین قومی مفاد میں کیا گیا۔ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ٹیم ورک کے ساتھ تمام مراحل مکمل ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ تمام مراحل میں وزارتوں کے ساتھ مشاورت اور ہم آہنگی رہی، آئین و قانون کے مطابق نجکاری کے تمام مراحل مکمل ہوئے، نجکاری کے عمل سے پہلے سرمایہ کاروں کے وفد کے ساتھ سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریفرنس پرائس 100 ارب روپے تھی، بولی 135 ارب روپے تک پہنچی، سرمایہ کاروں کے جائز خدشات کو تفصیل سے سنا گیا، بولی کے عمل کے دوران شفافیت اولین ترجیح تھی۔
انھوں نے کہا کہ وسیع تر ملکی مفاد میں تمام فیصلے کیےگئے، حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، امید ہے قومی ایئر لائن اپنی عظمت رفتہ کو بحال کرتے ہوئے بلندیوں کو چھوئے گی۔
وزیراعظم نے نجکاری کے عمل میں بھرپور کاوشوں پر حکومتی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ٹیم ورک کیساتھ تمام مراحل مکمل ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور حکومتی ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔