2002ء میں شہید کانسٹیبل ریٹائرڈ قربانیوں کو یاد رکھا جائے گا،سی پی او

October 24, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) 2002ء میں شہید ہونیوالے کانسٹیبل امیر داد محکمہ پولیس سے ریٹائرڈ ہو گئے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق کانسٹیبل امیر داد 23اکتوبر کو اپنی 60سالہ سروس پوری ہونے کے بعد باضابطہ ریٹائرڈ ہوئے۔ شہید کانسٹیبل نومبر 1983میں بھرتی ہوئے تھے اور 15فروری 2002ء کو کوٹلی ستیاں میں اشتہاری کی گرفتاری ریڈ کے دوران سینے پر فائر لگنے سے شہید ہو گئے تھے۔ حکومت پنجاب کے قوانین کے مطابق ریٹائرمنٹ کی عمر تک انکی ماہانہ تنخواہ، انکی بیوہ اور بچوں کو سرکاری خزانہ سے ادا کی جاتی رہی۔ امیر داد کی پنشن اور تمام واجبات انکے لواحقین کو ادا کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سی پی او محمد احسن یونس نے کہا ہے کہ شہداء ہمارا فخر ہیں‘ انکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔