• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’دیکھتے جاؤ ہوتا کیا ہے‘، ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو بھرپور حملوں کی دھمکی

—امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ---فائل فوٹو
—امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ---فائل فوٹو 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی قیادت کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کو فوجی اور معاشی طور پر تباہ کر رہا ہے اور آئندہ مزید سخت کارروائی ہو سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں ایرانی رہنماؤں کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکی افواج ایران کی بحریہ، فضائیہ، میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو تباہ کر رہی ہیں۔ 

اُنہوں نے کہا کہ امریکا کے پاس غیر معمولی فوجی طاقت اور لامحدود اسلحہ موجود ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حملوں میں ایران کے اہم تیل کے مرکز خارگ جزیرہ کے قریب فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، خلیج فارس میں واقع خارگ جزیرہ ایران کی تیل برآمدات کا اہم ترین مرکز سمجھا جاتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا چاہے تو اس جزیرے کی تیل کی تنصیبات مکمل طور پر تباہ کر سکتا ہے تاہم فی الحال ایسا نہیں کیا گیا، اُنہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی میں مداخلت کی تو یہ فیصلہ تبدیل ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ کب ختم ہو گی اس کا فیصلہ میں خود کروں گا۔

اِن کا کہنا تھا کہ جب مجھے محسوس ہو گا کہ جنگ ختم ہونی چاہیے، تب یہ ختم ہو گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید