مانی کیلئے مجھ سے زیادہ پاک بھارت میچ اہم ہے،حرا مانی

October 24, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی نے کہا ہے کہ اُن کے شوہر مانی کے لیے اُن سے زیادہ اہم پاک بھارت میچ ہے۔

گزشتہ شب حرا مانی نے جیو نیوز کے پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

دورانِ پروگرام گفتگو کرتے ہوئے حرا مانی نے اپنے شوہر کے حوالے سے دلچسپ انکشافات کیے جسے سُن کر دیگر مہمان بھی خوب ہنسے۔

اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ ’میرے شوہر کے لیے پاک بھارت میچ بہت زیادہ اہم ہوتا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ جب پاک بھارت میچ ہو تو میں اُن کے سامنے سے کہیں دور چلی جاؤں۔‘

حرا مانی نے کہا کہ ’میرے شوہر پاک بھارت میچ کے اس قدر دیوانے ہیں کہ اگر میں مر رہی ہوں گی تو وہ پہلے پورا میچ دیکھیں گے اور اُس کے بعد مجھے دفنائیں گے۔‘

اُنہوں نے اپنی گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ ’60 فیصد پاکستانیوں کو پہلی نظر میں محبت ہوجاتی ہے۔‘

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ’اُنہیں بھی مانی سے پہلی نظر میں ہی محبت ہوگئی تھی۔‘

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سب سے بڑا میچ آج کھیلا جائے گا، پاک بھارت ٹاکرے میں وزیراعظم عمران خان بھی پاکستان کی جیت کے لیے پُرامید ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔