برسلز میں یورپین کونسل کا اجلاس، توانائی کی بڑھتی قیمتیں زیربحث، کمیشن نے ممبر ریاستوں کیلئے ٹول ٹیکس تجویز کردیا

October 25, 2021

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین کونسل کا 2 روزہ اجلاس آج برسلز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اس اجلاس میں یورپین یونین کے تمام ممبر ممالک کے سربراہان مملکت وحکومت نے شرکت کی۔ اس اجلاس کی اہم ترین بات یہ تھی کہ اس میں جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے آخری مرتبہ شرکت کی۔ یورپین کونسل کے اس اجلاس میں توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا مسئلہ خاص طور پر زیر بحث رہا ۔ جس سے پیدا شدہ مسائل سے نمٹنے کیلئے یورپین کمیشن نے ممبر ریاستوں کیلئے ایک ٹول بکس تجویز کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس دو روزہ اجلاس میں کوویڈ-19 ویکسین، اس وبائی دور میں یورپ میں ورکرز کی آزادانہ آمدورفت، مستقبل میں صحت کے بحرانوں سے نمٹنے کی تیاری کیلئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو مرکزی کردار دینے، یورپ کی تجارتی پالیسی، بیرونی تعلقات کے میدان میں نومبر اور دسمبر میں منعقد ہونے والی آسم سمٹ اور ایسٹرن پارٹنر شپ سمٹ کا ایجنڈا اور زیر غور آئے۔ اس کے علاوہ یورپین قیادت نے اس اجلاس میں مائیگریشن اور یورپ کی ڈیجیٹل ٹرانس فارمیشن جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے آخر میں یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل اور یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے ایک پریس کانفرنس میں اجلاس کی مزید تفصیلات بتائیں۔ علاوہ ازیں یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے جرمن چانسلر اینجلا مرکل کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ان کی اس اجلاس میں آخری مرتبہ شرکت پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کے ساتھ پہلی مرتبہ کسی اجلاس میں 2005 میں ملاقات کی تھی اور آج آپ کے ساتھ آخری ملاقات رہی۔ انہوں نے مزید تحریر کیا کہ ایک سچی یورپین کے طور پر آپ نے ہمیشہ یورپ کو طوفانی پانیوں میں سے نکالنے اور ہماری یونین کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔