احتساب عدالت میں آغا سراج درانی کی عدم پیشی، عملہ آوازیں لگاتا رہا

October 27, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ریفرنس میں آئندہ سماعت پر ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ منگل کو احتساب عدالت کے روبرو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سمیت دیگر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر آغا سراج درانی سمیت 11ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالتی عملہ ملزمان کو آوازیں لگاتا رہا۔ دوران سماعت آغا سراج درانی سمیت دیگر ملزمان کے وکلا کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ۔ بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 25 نومبر تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق کیس میں آغا سراج درانی سمیت 11ملزمان مفرور ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ نے ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔