فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں ، باسی مچھلی، ممنوع چائنہ سالٹ برآمد

October 27, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں باسی مچھلی، ممنوع چائنہ سالٹ، اور ناقص دودھ برآمد کرکے تلف کردیا۔ بنوں میں ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 300کلو سے زائد باسی مچھلی برآمد کر کے تلف کردی گئی اور مالکان پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق سیدو شریف سوات میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک تندور اور کباب ہاوس کو سیل کردیا۔ اسی طرح انسپکشن کے دوران مختلف ڈیری شاپس کا بھی معائنہ کیا گیا اور دودھ کے نمونے چیک کئے گئے۔ اتھارٹی کے مطابق ناقص دودھ پر ایک ڈیری شاپ کو سیل کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے درابن روڈ پر ناقص صفائی پر بیکری کا پروڈکشن یونٹ سیل کردیا گیا، جبکہ بڑی مقدار میں ناقص بیکری پراڈکٹ کو ضبط کرکے تلف کردئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق بنوں کے علاقے ٹاون شپ میں ممنوع چائنہ سالٹ اور مضر صحت رنگ کے استعمال پر مصالحہ جات کے دکان کو سیل کردیا گیا۔