ہمیں اصل غصہ ہی نیوزی لینڈ پر تھا: فواد چوہدری

October 27, 2021

وفاقی وزیر اطلاعات برائے نشریات فواد چوہدری نے پاکستان کی شاندار فتح کے بعد نیوزی لینڈ کے لیے خصوصی پیغام جاری کردیا۔

گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے زبردست جیت اپنے نام کی جس کے بعد پوری قوم بےحد خوش ہے۔

ایسے میں سوشل میڈیا پر فواد چوہدری کا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہورہا ہے جوکہ اُنہوں نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی ری ٹوئٹ کیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فواد چوہدری ایک سوال کے جواب میں کہتے ہیں کہ ’ہمیں اصل غصہ نیوزی لینڈ پر ہی تھا، یہ بھارت تو بلاوجہ راستے میں آیا۔‘

فواد چوہدری کے اس پیغام کو ٹوئٹر صارفین بہت زیادہ پسند کررہے ہیں اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے۔