آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹسمین نے محتاط آغاز فراہم کیا تاہم 9 رنز بنا کر کپتان بابر اعظم آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زمان اور محمد حفیظ 11، 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین محمد رضوان ہیں جنہوں نے 34 گیندوں پر 33 رنز بنائے تھے۔
ان کے بعد عماد وسیم نے شعیب ملک کا ساتھ دیا لیکن وہ بھی 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
اس وقت جب ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی تھی، تو شعیب ملک نے اپنے تجربے کا بہترین استعمال کرتے ہوئے دباؤ برداشت کیا جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود آصف علی نے بڑی ہٹس لگا کر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔
اختتامی لمحات میں آصف علی نے 3 اور شعیب ملک نے ایک چھکا لگا کر ٹیم کو جیت دلائی۔
آصف علی نے 27 اور شعیب ملک نے 26 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سوڈھی نے 2 جبکہ ٹرینٹ بولٹ، مچل سینٹنر اور ٹم ساؤتھی نے ایک ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ قومی بولرز نے بھارت کے خلاف میچ جیسی فارم برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور سے روک دیا۔
حارث رؤف نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں لیں۔
ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے بھی ایک ایک کیوی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ ٹیم کی جانب سے ڈیرل مچل اور ڈیون کانوے نے 27، 27 رنز بنائے جبکہ کپتان کین ولیمسن نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔
خیال رہے کہ ٹاس کے موقع پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ جلد وکٹیں لےکر حریف ٹیم پر پریشر ڈالنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، بھارت کے خلاف فاتح ٹیم کو ہی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
پاکستان نے گزشتہ میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔