کابینہ نے وزارت آئی ٹی کیلئے 6 ارب کے فنڈ کی منظوری دیدی

October 27, 2021

وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے لئے 6 ارب روپے کے فنڈ کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر سید امین الحق نے 6 ارب کے فنڈز منظوری پر کہا کہ اس میں سے 2 ارب روپے کا فنڈ آئی ٹی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کے لئے نقد انعامات کی مد میں 4 ارب روپے کی منظوری اہم قدم ہے۔

وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ فنڈز کی منظوری آئی ٹی برآمدات میں اضافے کی راہ میں اہم سنگ میل ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی جانب اہم قدم ہے۔

امین الحق نے مزید کہا کہ آئی ٹی واحد شعبہ ہے جہاں باعزت روزگار کے مواقع بے شمار اور آمدنی لامحدود ہے۔